چینی سفارتخانہ اور پین اسپورٹس کی جانب سے مردان میں پی ایس ایل فائنل میچ کیلئے شاندارسکریننگ کا اہتمام
چینی سفارتخانہ اور پین اسپورٹس کی جانب سے مردان میں پی ایس ایل فائنل میچ کیلئے شاندارسکریننگ کا اہتمام

مزید خبریں
اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):پاکستان میں عوامی روابط اور کھیلوں کے ذریعے دوستی کو فروغ دینے کی ایک خوبصورت مثال اس وقت دیکھنے میں آئی جب پاکستان میں چین کے سفارتخانے نے پاکستان اکنامک نیٹ اسپورٹس کے اشتراک سے مردان ،خیبر پختونخوا میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ دیکھنے کیلئے شاندار سکریننگ کا انتظام کیا،
جہاں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان ہونے والے سنسنی خیز مقابلے سے لطف اندوز ہونے کے لیے دو سو سے زائد شائقین کرکٹ نے شرکت کی۔مردان کے عوام، نوجوانوں، خاندانوں اور کرکٹ سے محبت رکھنے والوں نے اس منفرد تقریب میں بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ شرکاء نے اس امر کو بے حد سراہا اور کہا کہ چینی سفارتخانہ نہ صرف پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے اپنا کردار ادا کر رہا ہے بلکہ عوامی سطح پر بھی ایسے پروگرام منعقد کر کے دونوں ممالک کے درمیان قربت پیدا کرنے میں دلچسپی لے رہا ہے۔میچ کے آغاز سے قبل اننگز بریک کے دوران اور میچ کے اختتام پر حاضرین کو سی پیک کے تحت ہونے والی نمایاں ترقی، پاکستان میں جاری بڑے منصوبوں، چین کی تیز رفتار معاشی ترقی، جدید طرز زندگی، ثقافت اور سیاحت سے متعلق خصوصی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔ حاضرین نے ان ویڈیوز کو نہایت دلچسپی سے دیکھا اور اس بات کا اظہار کیا کہ چین جس انداز میں پاکستان کی معاشی بہتری، انفراسٹرکچر، توانائی اور دیگر شعبوں میں مدد کر رہا ہے، وہ پاکستانی عوام کے لیے باعثِ اطمینان اور قابلِ تحسین ہے۔
تقریب میں شریک متعدد افراد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ پاکستان کا مقبول ترین کھیل ہے اور پاکستانی عوام اس کھیل سے جذباتی وابستگی رکھتے ہیں، ایسے میں چینی دوستوں کی جانب سے کرکٹ کے ذریعے عوامی سطح پر رابطے بڑھانے کی یہ کوشش انتہائی خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے ایونٹس صرف ایک میچ دیکھنے تک محدود نہیں رہتے بلکہ یہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اعتماد، محبت اور اپنائیت کو بھی فروغ دیتے ہیں۔شرکاء نے کہا کہ چین نے سی پیک سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کی جس انداز میں مدد کی ہے وہ پہلے ہی پاکستانی عوام کے دلوں میں چین کے لیے عزت پیدا کر چکی ہے، تاہم جب چینی سفارتخانہ عوام کے درمیان آ کر کھیل، ثقافت اور تفریح کے ذریعے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کرتا ہے تو یہ دوستی مزید گہری محسوس ہوتی ہے۔
خیبر پختونخوا کے عوام نے خصوصاً اس بات کو سراہا کہ اس نوعیت کی سرگرمی مردان جیسے شہر میں منعقد کی گئی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام مہمان نوازی، محبت اور خلوص میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ چینی دوست اس صوبے کے عوام کے ساتھ بھی براہ راست روابط استوار کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق اس طرح کے پروگرام صوبے کے نوجوانوں میں چین کے بارے میں مثبت سوچ کو مزید فروغ دیں گے۔شرکاء نے کہا کہ رواں سال جب پاکستان اور چین اپنی سفارتی دوستی کے 75 سال مکمل کر رہے ہیں، تو ایسے عوامی نوعیت کے اقدامات اس تاریخی رشتے کو مزید نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 75 برسوں میں یہ دوستی ہر آزمائش میں مضبوط ثابت ہوئی ہے اور اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس تعلق کو عوامی، ثقافتی اور سماجی سطح پر بھی مزید وسعت دی جائے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے چینی سفارتخانے اور پین اسپورٹس کی اس کاوش کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی خیبر پختونخوا سمیت پاکستان کے دیگر شہروں میں اس نوعیت کی مزید سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی تاکہ پاک چین دوستی کا پیغام گھر گھر پہنچ سکے۔








