چینی صدر شی جن پنگ کے ایلچی شہرت ذاکر امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے

93
Wang Wenbin
Wang Wenbin

بیجنگ۔18دسمبر (اے پی پی):چین نے کہا ہے کہ صدر شی جن پنگ کے خصوصی ایلچی اور نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین شہرت ذاکر پیر کو کویت کے مرحوم امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر شی جن پنگ نے کویت کے نئے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کو امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر تعزیت کا پیغام بھیجا ہے جبکہ ان کے خصوصی ایلچی آخری رسومات میں شرکت بھی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر شی جن پنگ نے اپنی حکومت اور عوام کی جانب سے کویت کے امیر نواف کے انتقال پر تعزیت اور مرحوم کے خاندان و کویتی عوام کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کویتی عوام کے قابل احترام امیر نواف نے چین کویت تعلقات کی ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کیا، ان کا انتقال کویتی عوام کے لیے بہت بڑا نقصان جبکہ چینی عوام نے بھی ایک اچھے دوست کو کھو دیا ہے۔

ا نہوں نے کہا کہ چینی حکومت اور عوام کویت سے دوستی کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ صدر شی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مشترکہ کوششوں سے چین اور کویت اپنی سٹریٹجک شراکت داری کو مستحکم اور ترقی کرتا دیکھیں گے۔ ادھر،چین کے وزیر اعظم لی کیانگ نے بھی کویتی ہم منصب شیخ احمد نواف الاحمد الصباح کے نام تعزیتی پیغام بھیجا ہے جس میں حکومت سے تعزیت اور مرحوم امیر کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا گیاہے۔