چین اور مالدووا کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

چین اور مالدووا نے تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ شنہوا کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین مالدووا کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے تیار ہے

بیجنگ ۔22مئی (اے پی پی):چین اور مالدووا نے تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ شنہوا کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین مالدووا کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے تیار ہے۔یہ بات انہوں نے بیجنگ میں مالدووا کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ میہائی پوپشوئی سے ملاقات کے دوران کہی۔وانگ یی نے کہا کہ چین اور مالدووا دوستانہ شراکت دار ہیں اور چین دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات کو نئی رفتار دینے کی ضرورت ہے۔چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کی حمایت کرتا ہے اور مالدووا کے اس مؤقف کو سراہتا ہے جو چین کے بنیادی مفادات سے متعلق معاملات میں اختیار کیا گیا۔انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ تجارت، گرین انرجی، ڈیجیٹل معیشت، تعلیم، ثقافت، سیاحت اور نوجوانوں کے تبادلوں میں تعاون کو فروغ دیں۔مالدووا کے وزیر خارجہ میہائی پوپشوئی نے کہا کہ ان کا ملک چین کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور "ون چائنا پالیسی” پر مکمل طور پرعمل پیرا ہے۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے یوکرین بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ وانگ یی نے ایک بار پھر مذاکرات کے ذریعے امن کے قیام پر زور دیا۔