چین تعلیم، تخفیف غربت، تجارتی منصوبوں سمیت دیگر شعبوں کی ترقی میں پاکستان کی مدد کر رہا ہے، چینی سفیر یاﺅ جنگ

اسلام آباد ۔ 30 دسمبر (اے پی پی)پاکستان میں چین کے سفیر یاﺅ جنگ نے کہا ہے کہ رواں سال پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے چین کے دو کامیاب دورے کئے اور ان دوروں کے دوران انہوں نے چینی قیادت کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ اور سی پیک کے منصوبوں کو آگے بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکوچینی …

اسلام آباد ۔ 30 دسمبر (اے پی پی)پاکستان میں چین کے سفیر یاﺅ جنگ نے کہا ہے کہ رواں سال پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے چین کے دو کامیاب دورے کئے اور ان دوروں کے دوران انہوں نے چینی قیادت کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ اور سی پیک کے منصوبوں کو آگے بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکوچینی سفارتخانے میں سنگم کلب گالا 2019ءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یاو¿ جنگ نے کہا کہ رواں سال سی پیک کے تحت نئے منصوبے شروع کئے گئے، جن میں رشکئی اقتصادی زون، پاکستانی طلباءکو وظائف کی فراہمی اور دیگر کئی منصوبے شامل ہیں۔ یاﺅ چنگ کا کہنا تھا کہ رواں سال چین اور پاکستان کے مابین علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے تعاون شاندار رہا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال پاکستان اور چین نے علاقائی تعاون اور عالمی امن کےلئے بے شمار اقدامات اختیار کئے۔ چینی سفیر نے نئے سال کی آمد کے موقع پر تمام پاکستانیوں کےلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین تعلیم، تخفیف غربت، تجارتی منصوبوں سمیت دیگر شعبوں کی ترقی میں پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔ یاﺅ چنگ کا کہنا تھا کہ یہ تعاون پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کر دار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2020ءبھی پاکستان اور چین کے تعلقات کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل سال ہے۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اصغر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور چین کی یونیورسٹیوں کے مابین پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے اصلاحات کے عمل میں تعلیم کو خصوصی اہمیت دی، یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے طالب علم چین کے تعلیمی اداروں میں زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اصغر نے کہا کہ چین ایک پٹی ایک شاہراہ منصوبے کے ذریعے پوری دنیا سے منسلک ہو چکا ہے۔ کنفوشس انسٹیٹیوٹ کے طالب علموں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ پاکستانی سکول کے بچوں نے چینی روایتی مارشل آرٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔تقریب کے آخر پر بھنگڑا کنگ نصیر احمد خواجہ نے اپنے فن کا مظاہرہ کر کے حاظرین سے خوب داد وصول کی۔سنگم کلب گالا کی رنگا رنگ تقریب میں پاکستان بھر کی بڑی جامعات کے طلباءو طالبات، پاکستان میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں کے نمائندوں اور پاکستان کی ٹیبل ٹینس ٹیم کے کوچ سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات نے کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مزید خبریں