چین میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب سے 10 افراد ہلاک،کاروبار زندگی متاثر

چین کے جنوبی اور وسطی حصے میں منگل کوشدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب سے 10 افراد ہلاک ہو گئے،

بیجنگ۔19مئی (اے پی پی):چین کے جنوبی اور وسطی حصے میں منگل کوشدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب سے 10 افراد ہلاک ہو گئے، سکولوں اور کاروباری مراکز کو بند کرنا پڑا اور ٹرانسپورٹ و بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق چین کے محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ جیانگشی، انہوئی، ہنان، ہوبے، گوئیژو، گوانگشی، گوانگ ڈونگ اور ہینان کے علاقوں میں بارشوں سے متعلق خطرناک آفات کا شدید خطرہ موجود ہے جن میں لینڈ سلائیڈنگ، اچانک سیلاب، شہری علاقوں میں شدید پانی جمع ہونا اور نشیبی علاقوں میں طغیانی شامل ہیں۔حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ہنگامی ردعمل کے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق گوانگشی کے جنوب مغربی علاقے میں ایک پک اپ جس پر 15 افراد سوار تھے سیلابی دریا میں جا گری جس سے 6 افراد ہلاک ہو گئے۔اسی طرح کے دیگر واقعات میں صوبہ ہوبے کے ایک نشیبی گاؤں میں اچانک آنے والے سیلاب میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ صوبہ ہنان میں ایک شخص ہلاک ہوا۔