چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق کی چینی وزارت خارجہ امور کے ایکسٹرنل سکیورٹی کمشنر سے ملاقات، سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات پر تبادلہ خیال، افغانستان میں سکیورٹی ، انسداد دہشت گردی کے لئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

94

بیجنگ۔19نومبر (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے چین کی وزارت خارجہ امور کے ایکسٹرنل سکیورٹی کمشنر چینگ گیوپنگ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان مجموعی تعلقات ، سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

چین کی وزارت خارجہ امور کے ایکسٹرنل سکیورٹی کمشنر چینگ گیوپنگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات چٹان کی طرح مضبوط اور سدا بہار سٹریٹجک کوآریٹو شراکت دار ہیں۔

انہوں نےدو طرفہ تعلقات اور اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی مستحکم رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین نے ہمیشہ اپنے خارجہ تعلقات میں پاکستان کو خصوصی ترجیح دی ہے اور پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو مضبوط کرنے کے لیے ایکسٹرنل سکیورٹی کمشنر کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان صوبوں اورعلاقائی سطح کےدوستانہ تعلقات کے قیام سے مجموعی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی اور تعاون کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے لیے نئے افق وا ہوں گے۔ملاقات کے دوران افغانستان میں سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی پر تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا