چین پاکستان گندھارا آرٹ نمائش شین ژن میں اختتام پذیر،پاکستانی سفیرخلیل ہاشمی کا ثقافتی تبادلوں اور عوامی سطح پر اقدامات کی اہمیت پر زور

62
Pakistani Ambassador Khalil Hashmi

بیجنگ۔24مارچ (اے پی پی):شین ژن میوزیم میں "شاہراہ ریشم کے ساتھ گندھارا ورثہ- پاک چین مشترکہ نمائش "کے عنوان سے نمائش کی اختتامی تقریب اتوار کو منعقد ہوئی۔چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی، گوانگ ژو میں قائم مقام قونصل جنرل، بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے اور گوانگ ژو میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کے حکام نے تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ سینئر چینی حکام بشمول پیلس میوزیم کے ڈائریکٹر وانگ ژو دونگ،شین ژن کے ثقافت، ریڈیو، ٹیلی ویژن، سیاحت اور کھیلوں کے بیورو کے ڈائریکٹر زینگ ژانگلائی، گانسو صوبائی عجائب گھر کے ڈائریکٹر جیا جیان وی اور شین ژن میوزیم کے ڈائریکٹر ہوانگ چن نے نمائش میں شرکت کی ۔ چین کی تاریخ کی سب سے بڑی گندھارا نمائش میں پاکستان کے سات مختلف عجائب گھروں کے 170 سے زائد نوادرات کی نمائش کی گئی۔

یہ نمائش گزشتہ سال بیجنگ کے مشہور پیلس میوزیم میں تین ماہ تک جاری رہی لیکن چینی سامعین کی زبردست دلچسپی کی وجہ سے یہ ایک سیاحتی نمائش میں تبدیل ہو گئی اور ضروری قانونی طریقہ کار کے بعد گانسو اور آخر کار شین ژن میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے چین کی تاریخ کی سب سے بڑی گندھارا آرٹ نمائش کے انعقاد میں پاکستان اور چین کے درمیان کامیاب تعاون کا تذکرہ کرتے ہوئے اس اقدام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے ثقافتی تبادلوں اور عوامی سطح پر اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مشترکہ نمائش کے انعقاد میں ڈائریکٹر وانگ ژو ڈونگ اور ان کی ٹیم کی کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔خلیل ہاشمی نے مستقبل کے مشترکہ اقدامات کی طرف بھی اشارہ دیا اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ورثے کی نمائش کے لئے مزید نمائشوں کے جاری منصوبوں کی نشاندہی کی۔

مزید برآں انہوں نے گندھارا تہذیب کے مرکز کے طور پر پاکستان کے شاندار تاریخی ورثہ اور قدیم شاہراہ ریشم کے ساتھ ثقافتی تبادلوں میں اس کے کردار پر روشنی ڈالی۔ڈائریکٹر وانگ ژو دونگ نے اس یادگار نمائش کا حصہ بننے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے ورثے کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے نمائش کے اثرات اور مشاہدات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔نمائش کے آخری مرحلے کے اختتام پر نوادرات کو پاکستان واپس بھیجنے کی تیاریاں جاری ہیں اور ڈی انسٹالیشن ٹیم رمضان کے بعد پاکستان پہنچے گی۔