چین کا اسکاربرو شول کے قریب فلپائنی عملے کو بچانے کا دعویٰ

بیجنگ ۔23جنوری (اے پی پی):چین نے دعویٰ کیا ہے کہ چینی کوسٹ گارڈ نے بحیرۂ جنوبی چین میں اسکاربرو شول کے قریب الٹنے والے ایک غیر ملکی مال بردار جہاز سے فلپائن کے 21 اہلکاروں کو بچانے کے لیے فوری کارروائی کی۔رائٹرز کے مطابق چینی کوسٹ گارڈ کے مطابق واقعے کی اطلاع جمعہ کی علی الصبح 1 بج کر 34 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے بعد دو جہاز امدادی …

بیجنگ ۔23جنوری (اے پی پی):چین نے دعویٰ کیا ہے کہ چینی کوسٹ گارڈ نے بحیرۂ جنوبی چین میں اسکاربرو شول کے قریب الٹنے والے ایک غیر ملکی مال بردار جہاز سے فلپائن کے 21 اہلکاروں کو بچانے کے لیے فوری کارروائی کی۔رائٹرز کے مطابق چینی کوسٹ گارڈ کے مطابق واقعے کی اطلاع جمعہ کی علی الصبح 1 بج کر 34 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے بعد دو جہاز امدادی کارروائی کے لیے روانہ کیے گئے۔ بیان میں کہا گیا کہ اب تک 13 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جبکہ باقی عملے کی تلاش اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

تاہم جہاز کے مالک کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔دوسری جانب بیجنگ میں فلپائنی سفارت خانے نے اس واقعے پر تبصرے کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔اسکاربرو شول ایشیا کے متنازع ترین سمندری علاقوں میں شمار ہوتا ہے اور خودمختاری و ماہی گیری کے حقوق کے حوالے سے تنازعات کا مستقل مرکز رہا ہے۔

حالیہ دنوں میں بھی کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جب منگل کے روز چینی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے ایک فلپائنی سرکاری طیارے کو ایٹول کی فضائی حدود میں ’’غیر قانونی دراندازی‘‘ کے الزام میں واپس جانے پر مجبور کیا۔واضح رہے کہ چین بحیرۂ جنوبی چین کے تقریباً پورے حصے پر دعویٰ کرتا ہے، جس کے دعوے برونائی، انڈونیشیا، ملائیشیا، فلپائن اور ویتنام کے خصوصی معاشی علاقوں سے متصادم ہیں۔ یہ صورتحال خطے میں کشیدگی اور سفارتی تنازعات کا باعث بنی ہوئی ہے۔