چین نے نیپال کو اپنے تیار کردہ مصنوعی ذہانت پر مبنی موسم کے بارے پیشگی معلومات فراہم کرنے والا نظام "MAZU” فراہم کر دیا ہے جس کا مقصد نیپال کی قبل از وقت وارننگ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنانا ہے
چین کی جانب سے نیپال کو مصنوعی ذہانت پر مبنی موسم کی پیشگی معلومات فراہم کرنے والے نظام کی فراہمی

مزید خبریں
بیجنگ۔22ستمبر (اے پی پی):چین نے نیپال کو اپنے تیار کردہ مصنوعی ذہانت پر مبنی موسم کے بارے پیشگی معلومات فراہم کرنے والا نظام "MAZU” فراہم کر دیا ہے جس کا مقصد نیپال کی قبل از وقت وارننگ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنانا ہے۔شنہوا کے مطابق یہ اقدام چین اور نیپال کی سرحد پر واقع ’گیئرونگ-راسووا‘ (Gyirong-Rasuwa) سرحدی گزرگاہ پر مٹی کے تودے گرنے کے واقعے کے بعد کیا گیا، اس سے قبل 29 اگست کو چائنا میٹرولوجیکل ایڈمنسٹریشن نے نیپال کے محکمہ موسمیات کو کلاؤڈ بیسڈ ورژن ٹرائل کے لیے فراہم کیا تھا۔MAZU جس کا نام سمندر کی چینی محافظ دیوی کے نام پر رکھا گیا ہے، ایک مصنوعی ذہانت پر مبنی موسم کے بارے پیشگی معلومات کی فراہمی کا پلیٹ فارم ہے جو متعدد خطرات سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
چائنا میٹرولوجیکل ایڈمنسٹریشن نے شمال مغربی چین کے سنکیانگ ایغور خود مختار علاقے کے دارالحکومت ارومچی میں منعقدہ دوسرے چین-وسطی ایشیا موسمیاتی تعاون فورم کے دوران نیپال کو نظام فراہم کیے جانے کا اعلان کیا۔ چین کی موسمیاتی انتظامیہ نے بتایا کہ نیپال کے لیے MAZU کا ورژن مقامی جغرافیائی حالات، آفات کی نوعیت، بنیادی ڈھانچے اور دستیاب ڈیٹا کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔اسی فورم کے دوران چی ایم اے نے 2026-2027 کے لیے وسطی ایشیائی ممالک میں MAZU نظام کے نفاذ کا منصوبہ بھی پیش کیا۔ اس منصوبے کا مقصد چین اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان موسمیاتی تعاون کو مزید فروغ دینا، علاقائی سطح پر آفات سے بچاؤ اور ان کے اثرات کم کرنے کی صلاحیت کو مشترکہ طور پر بہتر بنانا اور علاقائی اقتصادی و سماجی ترقی میں معاونت فراہم کرنا ہے۔








