اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):چین کے وزیراعظم لی چیانگ اورسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق کے درمیان منگل کویہاں ملاقات ہوئی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیاگیا۔ سپیکرقومی اسمبلی نے اس موقع پرکہاکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے ۔ ایاز صادق نے کہاکہ چین پاکستان کا بااعتماد اور مخلص دوست ہے اور پاکستان کو چین کے ساتھ دوستی پر فخر ہے۔ سپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے فورم سے علاقائی تعاون کو فروغ ملے گا اور تنظیم کے اجلاس سے علاقائی استحکام کو تقویت ملے گی۔
سپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم کو بہت اہمیت دیتا ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا۔ ایاز صادق نے کہاکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے علاقائی ترقی کے لیے کام کریں گے۔پاک چین اقتصادی راہداری کاذکرکرتے ہوئے سپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ سی پیک کے منصوبے دونوں ممالک کے لیے خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ ملاقات میں علاقائی امن اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی اتفاق کیاگیا۔سپیکرنے کہاکہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور سائنسی تعاون بڑھانے کی بھی ضرورت ہے۔ ملاقات میں توانائی کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں کی اہمیت پر گفتگو کی گئی۔ سپیکرنے کہاکہ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون سے پاکستانی عوام کو بہت فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ چین پاکستان کا اقتصادی شراکت دار ہے اور مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
سپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان اور چین کے مابین پارلیمان کی سطح پر تعاون اور مستقبل میں پارلیمانی وفود کے تبادلے کو فروغ دیا جائے گا، ملاقات میں قومی اسمبلی اور چینی پارلیمان کے مابین روابط بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ چین کے وزیراعظم کا حالیہ دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم پیش رفت ثابت ہو گا۔