قطب شہانہ کے مقام پر دریائے راوی میں اس وقت تقریبا 50 سے 55 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے، جس میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے۔
چیچہ وطنی،دریائے راوی میں اس وقت تقریبا 50 سے 55 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے،ترجمان ضلعی انتظامیہ

مزید خبریں
چیچہ وطنی۔ 27 جولائی (اے پی پی):قطب شہانہ کے مقام پر دریائے راوی میں اس وقت تقریبا 50 سے 55 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے، جس میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے۔
محکمہ ایریگیشن کے مطابق ہیڈ بلوکی ڈان اسٹریم پر پانی کی مقدار کم ہو کر 50 ہزار 45 کیوسک رہ گئی ہے جبکہ وہاں لو فلڈ کی صورتحال مستحکم ہے۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق دریا کا پانی اپنے قدرتی بہاؤ اور ریور بیڈ کے اندر موجود ہے اور کسی مقام پر حفاظتی بند میں شگاف یا کسی غیر معمولی صورتحال کی اطلاع نہیں ملی۔ ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ فاروق کی نگرانی میں محکمہ ایریگیشن دریائی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ، انسپیکشن اور حفاظتی بندوں کی نگرانی کر رہا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ الرٹ ہے اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تین ریسکیو کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جن میں دو تحصیل ساہیوال اور ایک تحصیل چیچہ وطنی میں قائم کیا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر متاثرہ افراد کو فوری امداد اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں، بالخصوص دریا کے بیٹ میں مقیم افراد سے احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریا کے قریب جانے سے گریز کریں، افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کردہ مستند معلومات پر ہی اعتماد کریں۔








