چیچہ وطنی۔ 29 مئی (اے پی پی):چیچہ وطنی کے تھانہ غازی آباد کی حوالات توڑ کر فرار ہونیوالا ایک ڈاکو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک جبکہ ایک فرار ہوگیا ۔ترجمان ڈی پی او آفس کے مطابق ڈکیتی ،راہزنی اور سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث چار ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے تھانہ غازی آباد کی حوالات میں رکھا گیا تھا جن سے تفتیش کا عمل جاری تھا،ملزمان رات گئے حوالات توڑ کر فرار ہورہے تھے کہ ڈیوٹی پر موجود سنتری نے دو ڈاکوؤں کو قابو کرلیا تاہم دو ملزم سنتری کی رائفل چھین کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے
جس پر پولیس پارٹی نے ملزموں کا تعاقب کیا تو انہوں نے چھینی گئی رائفل سے فائرنگ شروع کردی۔پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم عابد ہلاک جبکہ ایک فرار ہوگیا۔پولیس نے دعوی کیا ہے کہ مرنیوالا ڈکیت اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔متوفی کی نعش پوسٹمارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردی گئی ہے