ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمن خان کی زیر صدارت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک جامع پروگریس ریویو اجلاس منعقد ہوا۔
ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس، گوادر کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 10 جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمن خان کی زیر صدارت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک جامع پروگریس ریویو اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، سپرنٹنڈنگ انجینئر نادر بلوچ، پراجیکٹ ڈائریکٹر واٹر میر جان بلوچ، پراجیکٹ ڈائریکٹر اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبہ میر دودا خان مری، پراجیکٹ ڈائریکٹر سربندر محمد حنیف حسین، ایگزیکٹو انجینئرز قاسم بلوچ، جی ایم بلوچ سمیت متعلقہ انجینئرز، پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں جی ڈی اے کے تحت جاری مختلف میگا اور عوامی فلاحی منصوبوں، جن میں اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبہ، میرین ڈرائیو پر زیر تعمیر کازوے، سربندر کے ترقیاتی منصوبے، شہری آبی فراہمی کے منصوبے اور دیگر اہم ترقیاتی اسکیمیں شامل ہیں، کی فنانشل اور فزیکل پیش رفت، فنڈز کی دستیابی، تعمیراتی معیار، رفتارِ عمل، درپیش مسائل اور مقررہ مدت میں تکمیل کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ایگزیکٹو انجینئر قاسم بلوچ نے بتایا گیا کہ میرین ڈرائیو پر زیر تعمیر کازوے کا منصوبہ تکمیل کے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور تعمیراتی سرگرمیاں تیز رفتاری سے جاری ہیں۔ منصوبہ جلد مکمل کرکے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، جس سے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولت میسر آئے گی اور میرین ڈرائیو پر ٹریفک کی روانی مزید بہتر ہوگی۔
ڈائریکٹر جنرل معین الرحمن خان نے منصوبے کی اہمیت کے پیش نظر ہدایت کی کہ موسمی حالات اور دیگر ممکنہ چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ منصوبہ مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جا سکے۔اجلاس میں سربندر کے ترقیاتی منصوبوں پر پی ڈی حاجی محمد حنیف حسین نے سربندر کراس تا کازوے روڈ کی بحالی، سربندر کراس پر جدید شیڈز کی تنصیب، یادگاری مونومنٹس کی تعمیر، ٹف ٹائلنگ، سڑکوں کی بہتری اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی سے متعلق منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے حوالے سے پی ڈی میر دودا خان مری نے اجلاس کو بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر، توسیع، بحالی، پری مکس کارپٹنگ، پیور بلاک، ٹف ٹائلنگ، نکاسی آب اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
اجلاس کے دوران بعض منصوبوں میں مقامی سطح پر درپیش رکاوٹوں اور مسائل پر بھی غور کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل معین الرحمن خان نے متعلقہ افسران اور انجینئرز کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں میں ڈیزائن، انجینئرنگ معیارات، تعمیراتی معیار، شفافیت اور حفاظتی تقاضوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کو ایک جدید، منظم اور پائیدار شہری مرکز میں تبدیل کرنا جی ڈی اے کا بنیادی مقصد ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، اعلی معیار، شفافیت، رفتار اور عوامی مفاد کو ہر سطح پر مقدم رکھا جائے گا۔








