ڈبلیو15 ورلڈ ٹینس ویمنز فیوچرز چیمپئن شپ کا پہلا مرحلہ جاری، 17 ممالک کی 30 کھلاڑیوں کی شرکت
ڈبلیو15 ورلڈ ٹینس ویمنز فیوچرز چیمپئن شپ کا پہلا مرحلہ جاری، 17 ممالک کی 30 کھلاڑیوں کی شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):ڈبلیو 15ورلڈ ٹینس ویمنز فیوچرز چیمپئن شپ 2026 کا پہلا مرحلہ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ہے۔ چیمپئن شپ میں 17 ممالک سے تعلق رکھنے والی مجموعی طور پر 30 کھلاڑیاں حصہ لے رہی ہیں جن میں فرانس، چین، روس، ڈنمارک، میکسیکو، ازبکستان، جنوبی افریقہ، نیدرلینڈز، کوریا، نیپال، جاپان، ہانگ کانگ، جرمنی، تھائی لینڈ، ترکیہ، جمہوریہ چیک اور پاکستان شامل ہیں۔
فرانس کی ایسٹرڈ سیروٹے جو عالمی درجہ بندی میں 624 ویں نمبر پر ہیں، ٹورنامنٹ کی ٹاپ سیڈ کھلاڑی ہیں۔ اس بین الاقوامی ایونٹ کو فاطمہ گروپ کی جانب سے اسپانسر کیا جا رہا ہے۔خواتین سنگلز دوسرے راؤنڈ کے نتائج میں فرانس کی ایسٹرڈ سیروٹے نے جمہوریہ چیک کی گلوریا لیونسکی کو 6-2، 6-4 سے شکست دی۔ روس کی جولیا خرامتسووا نے نیپال کی ابھیلاش بستا کو 6-3، 6-0 سے ہرایا۔تھائی لینڈ کی کامن وان یودپیتچ نے نیدرلینڈز کی فلورینٹین ڈیکرز کو 6-2، 6-0 سے شکست دی۔جرمنی کی انستاسیا کوپاریف نے روس کی واروارا روبٹسوا کو 6-4، 6-2 سے مات دی۔ روس کی کسینیا لاسکوتووا نے اپنی ہم وطن سوفیا سوسلووا کو 6-3، 6-2 سے شکست دی۔
ازبکستان کی سیویل یلدیشیوا نے نیدرلینڈز کی ایما وان پوپل کو 7-5، 6-4 سے ہرایا۔جنوبی افریقہ کی ووزوکو مدلولوا نے جاپان کی سوزونا اوگاوا کو 7-6(6)، 6-1 سے شکست دی۔ازبکستان کی صابرینا اولیمجانوا نے ڈنمارک کی ایلینا جمشیدی کو 6-2، 6-1 سے شکست دی۔خواتین ڈبلز کوارٹر فائنلز کے نتائج میں ایسٹرڈ سیروٹے (فرانس) اور سباستیانی لیون (میکسیکو) کی جوڑی نے پاکستانی جوڑی اشنا سہیل اور مہین آفتاب قریشی کو 6-2، 6-0 سے شکست دی۔ انستاسیا کوپاریف (جرمنی) اور سیویل یلدیشیوا (ازبکستان) نے ایما وان پوپل اور ایلینا جمشیدی کو 6-2، 7-5 سے ہرایا۔
کی یاؤ چیونگ (ہانگ کانگ) اور سوزونا اوگاوا (جاپان) نے جنوبی افریقی جوڑی ووزوکو مدلولوا اور وارونا مدلولوا کو 7-5، 7-6(2) سے شکست دی۔ جیونگ مون (کوریا) اور کامن وان یودپیتچ (تھائی لینڈ) نے روسی جوڑی کسینیا لاسکوتووا اور جولیا خرامتسووا کو 6-3، 6-1 سے مات دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔








