ڈسکور پاکستان اور پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے زیراہتمام گلوبل ڈیسٹی نیشنز ایکسپو کا انعقاد

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):ڈسکور پاکستان اور پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے زیراہتمام گلوبل ڈیسٹی نیشنز ایکسپو کا انعقاد کیا گیا، ایکسپو میں دنیا بھر کے پچاس سے زائد سفارتخانوں اور غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی۔ایکسپو کا افتتاح ڈسکور پاکستان کے سی ای او ڈاکٹر قیصر رفیق، ایم ڈی پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمان رانا اور پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹونسکو …

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):ڈسکور پاکستان اور پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے زیراہتمام گلوبل ڈیسٹی نیشنز ایکسپو کا انعقاد کیا گیا، ایکسپو میں دنیا بھر کے پچاس سے زائد سفارتخانوں اور غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی۔ایکسپو کا افتتاح ڈسکور پاکستان کے سی ای او ڈاکٹر قیصر رفیق، ایم ڈی پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمان رانا اور پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹونسکو سمیت متعدد ممالک کے سفیروں نے مشترکہ طور پر کیا۔

ایونٹ میں مختلف ممالک کے سفارتخانوں نےخصوصی اسٹالز قائم کیے اوراپنی ثقافت،کلچر، آرٹ، ہینڈی کرافٹس اور سیاحتی ورثے کو نمایاں انداز میں پیش کیا۔ ایکسپو میں بین الاقوامی روایتی کھانوں نے شرکا کی خاص توجہ حاصل کی اور لوگوں کو دنیا کے مختلف ذائقوں اور ثقافتی خصوصیات سے روشناس ہونے کاموقع ملا۔ ایکسپو کے مہمان خصوصی وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس نے اختتامی تقریب میں مختلف ممالک سے آئے مہمانوں میں شیلڈز تقسیم کیں اور اس ایونٹ کو پاکستان کی ٹورازم انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

سردار یاسر الیاس نے کہا کہ یہ انٹرنیشنل ایکسپو پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم ہے، اس سے نہ صرف ملک کی ٹورازم انڈسٹری کو مثبت تقویت ملے گی بلکہ پاکستانی عوام کو دنیا کے مختلف ممالک کی سیاحت، ثقافت اور خصوصیات کو سمجھنے کا بہترین موقع بھی ملا ہے۔ اس موقع پر رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹونسکو نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بین الاقوامی ایونٹس پاکستان اور دنیا کے مختلف ممالک کے درمیان روابط کو مضبوط بناتے ہیں اور پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ڈسکور پاکستان کے سی ای او ڈاکٹر قیصر رفیق نے مہمان وفود کو گلدستے پیش کیے اور انہیں پاکستان میں مزید سیاحتی امکانات اور ثقافتی ورثے سے آگاہ کیا۔ڈاکٹرقیصررفیق نےاپنےخطاب میں وزیراعظم پاکستان کے سیاحت کیلئے کئے گئے اقدمات پر شکریہ اداکیا۔انہوں نےغیرملکی سفیروں کا بھی شکریہ ادا کرتےہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگلےسال اس سے بھی بڑی ایکسپو کا انعقاد کیا جائےگا۔

مزید خبریں