بحیرۂ کیریبین میں واقع ملک ڈومینیکن جمہوریہ میں نجی طیارہ ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کے دوران گر کر تباہ ہوگیا
ڈومینیکن جمہوریہ میں نجی طیارہ گر کر تباہ ، پائلٹ اور معاون پائلٹ ہلاک

مزید خبریں
سانتو ڈومنگو۔8جون (اے پی پی):بحیرۂ کیریبین میں واقع ملک ڈومینیکن جمہوریہ میں نجی طیارہ ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ اور معاون پائلٹ ہلاک ہوگئے۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق امریکی رجسٹریشن یافتہ گلف سٹریم جی 200 طیارہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن جا رہا تھا۔ طیارہ لا رومانا بین الاقوامی ہوائی اڈے سے تقریباً 16 بحری میل جنوب مغرب میں تھا جب فنی خرابیوں کے باعث ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا گیا۔عملے نے طیارے کو واپس ہوائی اڈے کی جانب موڑا اور ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی، تاہم رَن وے پر اترتے ہی طیارہ گر کر آگ کی لپیٹ میں آگیا اور دھماکے سے تباہ ہوگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے میں صرف پائلٹ اور معاون پائلٹ سوار تھے۔ڈومینیکن سول ایوی ایشن ادارے نے کہا ہے کہ متعلقہ حکام نے واقعے کے بعد تمام ضروری اقدامات کیے ہیں، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ سول ایوی ایشن ادارہ اور فضائی حادثات کی تحقیقاتی کمیشن تحقیقات میں پیش رفت کے ساتھ مزید معلومات جاری کریں گے۔








