اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والے افراد اور اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کی فلاح کیلئے خدمات سرانجام دینے والے ہمارے حقیقی ہیرو ہیں، اْن کی خدمات کو اْجاگر کرنا قابل ستائش عمل ہے، ہمارا مذہب ہمیں انسانیت کی بھلائی کیلئے کام کرنے کا درس دیتا …
ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری کا ہیومینٹیرین سروسز ایوارڈز 2019ء کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والے افراد اور اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کی فلاح کیلئے خدمات سرانجام دینے والے ہمارے حقیقی ہیرو ہیں، اْن کی خدمات کو اْجاگر کرنا قابل ستائش عمل ہے، ہمارا مذہب ہمیں انسانیت کی بھلائی کیلئے کام کرنے کا درس دیتا ہے، موجودہ حکومت عام آدمی کی فلاح و بہبود اور معاشرے کے محروم اور پسماندہ طبقات کی ترقی کیلئے کوشاں ہے اور اس سلسلہ میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہیومینٹیرین سروسز ایوارڈز پاکستان 2019ء کی انٹرنیشنل کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ اس وقت ملک کو جن اندرونی و بیرونی خطرات کا سامنا ہے ان کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں آپس کے اختلافات کو بھلا کر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک ایک انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہا ہے جس کا تقاضا ہے کہ ہم ہر شعبہ ہائے زندگی میں بھرپور قومی اتحاد و یکجہتی کامظاہرہ کریں۔ انہوں نے فلاحی اداروں کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ہیومینٹیرین سروس کی جانب سے انسانی فلاح کیلئے کام کرنے والوں کی خدمات کو اجاگر کرنے کیلئے کانفرنس کے انعقاد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور شوکت خانم ہسپتال کا قیام اس کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کے پسماندہ اور محروم طبقات کی ترقی کے لیے متعدد منصوبوں کا اجراء کیا ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات کو فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لینے کا کہا۔ بعد ازاں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے نمایاں خدمات سرانجام دینے والوں میں ایوارڈ اور انعامات تقسیم کئے۔ ڈپٹی سپیکر نے نمائش ہیومن ٹرین سروس کی جانب سے لگائی گئی نمائش بھی دیکھی۔ انہوں نے اس طرز کی کانفرنسز اور نمائش کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنسز معاشرے کے مخیر حضرات کو فلاحی کاموں میں حصہ لینے کی طرف راغب کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔ تقریب میں کاروباری حضرات، تجارتی برادری کے نمائندوں سماجی کارکنوں، صنعتکاروں فلاحی اداروں کے نمائندوں دانشوروں، مخیر حضرات اور میڈیا کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔








