اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے 7 اکتوبر 2023 کے حملوں کی تیسری برسی سے قبل غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے
اقوام متحدہ کا غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔6اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے 7 اکتوبر 2023 کے حملوں کی تیسری برسی سے قبل غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔شنہوا کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کے حملوں کی تیسری برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان حملوں کی ہولناکیاں دوبارہ کبھی نہیں دہرائی جانی چاہئیں اور اس کے بعد غزہ میں جاری جنگی کارروائیوں کا خاتمہ ہونا چاہیے۔گوتریش نے کہا کہ غزہ میں جاری رہنے والی تباہ کن جنگی کارروائیوں نے غزہ کے فلسطینیوں کو ناقابلِ بیان مصائب سے دوچار کیا، جن میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان، بے گھری اور تباہی شامل ہے، جبکہ شہری اب بھی ناقابلِ برداشت حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ہونے والی جنگ بندی سے کچھ ریلیف ملا ہے تاہم اس سے ابھی تک مکمل سلامتی، مناسب انسانی امداد یا بحالی اور امن کی قابلِ اعتماد راہ ہموار نہیں ہو سکی۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مکمل طور پر پوری کریں اور جنگ بندی کے اگلے مرحلے کی جانب پیش رفت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ جنگ بندی کو مستقل بنایا جائے، بڑے پیمانے پر انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور بین الاقوامی قانون کا احترام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پورے خطے میں پائیدار امن کے لیے سیاسی راستہ ہموار کرنے کی ضرورت ہے اور اقوام متحدہ ان مقاصد کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔گوتریش نے کہا کہ اس برسی کو صرف ایک اور سوگ کے سال کے طور پر نہیں بلکہ ایک مختلف مستقبل کی تعمیر کے نئے عزم کی علامت بننا چاہیے، جہاں اسرائیلی اور فلسطینی امن و سلامتی کے ساتھ شانہ بشانہ زندگی گزار سکیں اور ان کے حقوق، وقار اور خواہشات کا احترام ہو۔







