فیصل ۱ٓباد 06 ستمبر (اے پی پی ):قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ جس طرح افواج پاکستان اور شہریوں نے چھ ستمبر کو قربانی دی تھی اسی طرح آج بھی جذبے قائم ہیں لیکن ہمارے ہمسایہ ملک کا وزیراعظم نریندرمودی خطہ میں امن قائم کرنے کی بجائے ہندو گریٹر نظریے پر کام کررہاہے اور مظلوم کشمیریوں کی آواز دبانے کی کوشش کی جارہی ہے …
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو

مزید خبریں
فیصل ۱ٓباد 06 ستمبر (اے پی پی ):قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ جس طرح افواج پاکستان اور شہریوں نے چھ ستمبر کو قربانی دی تھی اسی طرح آج بھی جذبے قائم ہیں لیکن ہمارے ہمسایہ ملک کا وزیراعظم نریندرمودی خطہ میں امن قائم کرنے کی بجائے ہندو گریٹر نظریے پر کام کررہاہے اور مظلوم کشمیریوں کی آواز دبانے کی کوشش کی جارہی ہے مگر وزیر اعظم عمران خان نے پوری دنیا میں کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی ہے یہی وجہ ہے کہ آج بھی اگرکوئی کشمیری شہید ہوتا ہے تو اس کو پاکستان کے جھنڈے میں پاکستان کے نعرے سے دفن کیا جاتاہے نیزوزیراعظم عمران خان نے چوبیس سالوں میں کرپشن کے خلاف تحریک چلائی اسلئے وہ کسی کو این آر او نہیں دیں گے جبکہ نواز شریف بیماری کا بہانہ کرکے لندن گئے لیکن اب وہ سڑکوں پہ ٹہلتے پھر رہے ہیں لہٰذا انہیں واپس آنا چاہیے۔ اتوار کی شام سرکٹ ہاﺅس فیصل آباد میں میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ آج تجدید عہدوفاکا دن ہے اسلئے ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ اگر وطن عزیز کو آئندہ بھی ہمارے خون اور قربانی کی ضرورت پڑی تو ہم ایک سیکنڈ بھی ضائع نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے جو مودی کو ہندو گریٹرمنصوبے میں کامیاب نہیں ہونے دے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم جیسے نوجوانوں کو ساتھ لیکر چلے ہیں اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں ڈبو دیااور آج ہمیں ان کے لئے گئے کھربوں روپے کے قرضے سود سمیت واپس کرنا پڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوپر سے رہی سہی کسر کورونا نے پوری کردی لیکن اللہ کا شکر ہے کہ ہماری حکومت کی پالیسیوں کی وجہ پاکستان میں کورونااس تیزی سے نہیں پھیلاجس طرح دنیا کے دیگر ممالک میں پھیلا اور وہاں مالی کے ساتھ ساتھ انتہائی زیادہ جانی نقصان بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی میںشدید ترین بارشوں کے باعث ہونیوالی حالیہ تباہی کے تناظر میں وسائل کی کمی کے باوجود وزیر اعظم عمران خان نے کراچی کیلئے 1100 ارب روپے کے تاریخی پیکیج کا اعلان کیا جونہ صرف قابل ستائش ہے بلکہ اس سے آئندہ دو سے تین سالوں میں کراچی کی حالت با لکل تبدیل ہوجا ئے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سابق حکومت کی ناقص پالیسیوں اور غلط اقدامات کے باعث گرے لسٹ میں ہے لیکن ہم ملک کو گرے لسٹ سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم قومی اسمبلی میں عام آدمی کو ریلیف دلوانے کےلئے قانون سازی کی کوشش کررہے ہیںجس کے جلد مثبت نتائج سامنے ۱ٓنا شروع ہو جائیں گے۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کبھی بھی اسرائیل کا ساتھ نہیں دے گا جو فلسطینیوں پر ظلم کررہاہے نیزقائداعظم نے کہا تھاکہ اسرائیل یورپ کی ناجائز اولاد ہے لہٰذا یہ ناجائز اولاد ہمارے لئے کسی صورت قابل قبول نہیں۔قاسم سوری نے کہا کہ نواز شریف خود کو شدید بیمار ظاہر کرکے ملک سے باہر گئے مگر اب وہاں ہشاش باش گھوم رہے ہیں حالانکہ حکومت کی جانب سے انسانی ہمدردی کے باعث انہیںباہرجانے کی اجازت دی گئی تھی،اسلئے اب جب نواز شریف سڑکوں پہ ٹہلتے پھر رہے ہیںتو انہیں واپس وطن آجانا چاہیے۔قاسم خان سوری نے یوم دفاع کے حوالے سے کہاکہ 6 ستمبر ہماری قومی و عسکری تاریخ کا انتہائی اہم اور یاد گار دن ہے جو ہمیں ان17 ایام کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان کی بہادر فوج اور پوری قوم نے متحد ہو کر بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی آزادی اور قومی وقار کا دفاع کیاجبکہ یہ وہ موقع تھا جب پاکستانی قوم نے اپنی مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے بے مثال مظاہرہ سمیت مشترکہ جدوجہد کی ایسی مثال قائم کی جو آنے والی نسلوں کےلئے ہمیشہ مشعل راہ کا کام کرتی رہے گی۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ ان شہداکو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اسی طرح ہمارے غازی بھی لائق ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں57 اسلامی ممالک ہیں جن میں پاکستان وہ واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا ۔انہوں نے کہا کہ پوری اسلامی دنیا میں سب سے زیادہ عددی قوت کے حامل ہمارے پاکستانی نوجوان ہیں جن پر اس ملک کے دفاع کے تحفظ کا فرض بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو اللہ تعالیٰ نے زندگی کے ہر میدان میں فتح و نصرت عطا کی اور وہ کہتے ہیں کہ انسان صرف محنت و جدوجہد ہی کرسکتا ہے جبکہ کامیابی اللہ تعالیٰ کی ذات عطا فرماتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا اور آپ کا ایمان اللہ تعالی پر ہے یہی وجہ ہے کہ آپ نے دیکھا کہ پوری دنیا میں کورونا وائرس کی بیماری آئی جس کی وجہ سے دنیا بھر کی معیشت ہل گئی حتیٰ کہ وہ ترقیاتی یافتہ ممالک بھی متاثر ہوئے جن کا صحت کے شعبہ کا بجٹ سب سے زیادہ تھا لیکن اس کے برعکس محدود وسائل کے باوجودہم میں اور ہمارے وزیراعظم عمران خان میں ایمان کاجذبہ تھا جنہوں نے کہا کہ ہم ایک قوم بن کر اس بیماری سے لڑیں گے نیز پاکستان میں جو غریب ہیں وہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے لہٰذا یہی وہ عزم ہے جس کی بدولت اللہ کے فضل سے کورونا وائرس تیزی سے ختم ہورہا ہے جبکہ اس کے برعکس تین چار روز قبل بھارت میںکورونا کے 80ہزار مریض اب بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت پاکستان کو اسی طرف لیکر جارہی ہے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا اور اس کی تعبیر کیلئے قائداعظم محمد علی جناح نے دن رات محنت کی اور برصیغر کے مسلمانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے علامہ اقبال کے خواب کو پورا کیا ۔انہوں نے کہا کہ جب اسرائیل کو ماننے کی بات آئی تو ہمارے وزیراعظم نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے جو اسرائیل کو نہ ملک مانتا ہے اور نہ مانے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہم کبھی بھی ظالم کا ساتھ نہیں دیں گے بلکہ پاکستان مظلوم فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار غرورو تکبر کے ساتھ کشمیر کے مظلوم عوام پر ظلم و ستم کررہی ہے مگر اللہ کے فضل و کرم سے ایک دن اس کا یہ غرور خاک میں مل جائے گا اور کشمیر آزاد ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک قیامت تک قائم رہنے اور اسلام کا پرچم سربلند کرنے کیلئے ہے جبکہ اس ایٹمی ملک کے پاس ایک طاقتور فوج ہے جو ہر دشمن کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر عہد کرنا ہے کہ ہم نے نہ صرف اس کی جغرافیائی سرحدوں بلکہ اس کے نظریات کی حفاظت بھی کرنی اور پاکستان کوحقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے ۔اس موقع پر پی ٹی ۱ٓئی کے رہنما و وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں فرخ حبیب اور ممبر صوبائی اسمبلی شکیل شاہد بھی موجود تھے۔








