کوئٹہ۔ 06فروری(اے پی پی )ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرکے دوسرے صوبوں کے برابر لائیں گے،اپنے حلقہ انتخاب کوئٹہ کے تعلیمی اداروں ،ہسپتالوں ،اور پانی کے مسائل کے لیے وفاقی وزراءسمیت تمام حکام سے مسلسل رابطے میں ہوں،شہریوں کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کلی دیبہ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءبسم اللہ آغا کی رہائش گاہ پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قاسم خان سوری نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کی خدمت اور ان کے دیرینہ مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے،ماضی کے غلط اقدامات کی وجہ سے ملک کی اقتصادی حالت دگر گوں ہے مگر وزیراعظم عمران خان کی مثبت سوچ اورویژن کی بدولت بہت جلد پاکستان کے اقتصادی حالت بہتر ہوجائے گی، اس ضمن میں دوست ممالک نے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے شہریوں کے مطالبے پر وفاقی کابینہ نے پہلی بار کوئٹہ سے حجاج کرام کے لیے براہ راست پرواز میں چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے بلوچستان کے حاجیوں کے لیے فریضہ حج کی ادائیگی میں آسانی میسر آنے کے ساتھ وقت کی بچت بھی ہوگی۔