ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پارلیمنٹیرین، وکلا، ڈاکٹرز، طلبہ، سینئر صحافی، قبائلی عمائدین اور سابق وزیراعلی گلگت بلتستان کی ملاقاتیں

اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے وفود نے پارلیمنٹ ہاؤس میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ وفود میں پارلیمنٹیرین، وکلا، ڈاکٹرز، طلبہ اور قبائلی عمائدین شامل تھے۔ سابق سینیٹر بہرا مند خان تنگی اور سابق وزیراعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن بھی ایک وفد کے ہمراہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے ملے۔جمعہ کوسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی …

اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے وفود نے پارلیمنٹ ہاؤس میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ وفود میں پارلیمنٹیرین، وکلا، ڈاکٹرز، طلبہ اور قبائلی عمائدین شامل تھے۔ سابق سینیٹر بہرا مند خان تنگی اور سابق وزیراعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن بھی ایک وفد کے ہمراہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے ملے۔جمعہ کوسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کی ترقی، معاشی استحکام اور عوامی بہبود کے لیے بھرپور کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں تمام سیاسی جماعتوں کو باہمی اتفاق و اتحاد کے ساتھ ملکی مفاد میں مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی مؤثر پالیسیوں کی بدولت پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

انہوں نے بلوچستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام پاکستان کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور محروم طبقات کے لیے وسائل کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وکلا کے وفد سے بات چیت میں ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالا دستی جمہوری نظام کی بنیاد ہے اور عدلیہ اور وکلا برادری اس سلسلے میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے وکلا کے مسائل کے حل اور قانونی نظام کی بہتری کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ڈاکٹرز کے وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے صحت عامہ کے شعبے میں درپیش چیلنجز، سہولیات کی فراہمی اور طبی وسائل کی بہتری کے حوالے سے حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ڈاکٹرز قوم کے محافظ ہیں جو انسانیت کی خدمت میں ہمیشہ صفِ اول میں رہتے ہیں، طبی عملے کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

قبائلی عمائدین سے گفتگو میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قبائلی عوام نے ہمیشہ ملک کے دفاع اور قومی یکجہتی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، ریاست ان کی نمائندگی، حقوق اور ترقی کے لیے پرعزم ہے۔پارلیمنٹیرین وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمان عوام کی آواز ہے اور تمام اراکین کو چاہیے کہ قانون سازی اور پالیسی سازی کے عمل میں مزید فعال کردار ادا کریں تاکہ عوامی مسائل مؤثر انداز میں حل ہوسکیں۔آخر میں تمام وفود نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی قومی خدمات کو سراہا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے تمام وفود کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔