اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی سرحدوں پر کی جانے والی اشتعال انگیزی، جارحیت اور دہشت گردی کی کارروائیوں پر افواجِ پاکستان کی بروقت، مؤثر اور فیصلہ کن جوابی کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔ ہفتہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اپنےبیان میں انہوں نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے کی گئی دہشت گردانہ کارروائیوں …
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کا افغان طالبان کے خلاف بروقت، مؤثر اور فیصلہ کن جوابی کارروائی پر افواجِ پاکستان کو خراج تحسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی سرحدوں پر کی جانے والی اشتعال انگیزی، جارحیت اور دہشت گردی کی کارروائیوں پر افواجِ پاکستان کی بروقت، مؤثر اور فیصلہ کن جوابی کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔ ہفتہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اپنےبیان میں انہوں نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے کی گئی دہشت گردانہ کارروائیوں کے جواب میں پاک افواج نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کی متعدد چوکیاں تباہ کیں اور کئی اہم چیک پوسٹوں پر پاکستانی جھنڈے بلند کیے ۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کو وہی جواب دیا گیا جس کا وہ مستحق تھا، اور یہ کارروائیاں پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کا واضح اظہار ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر طویل عرصے تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتا رہا، تاہم افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں در اندازیوں اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا تھا۔ ایسے حالات میں قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق مؤثر اور فیصلہ کن اقدام ناگزیر ہو گیا تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ افواجِ پاکستان مہارت اور حکمت عملی کے ساتھ ہر جارحیت کا جواب دے رہی ہیں تاکہ آئندہ کسی کو بھی پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی کی جرات نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برس بھارت کی جانب سے بھی پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم افواجِ پاکستان نے غیر معمولی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ملک کا بھرپور دفاع کیا بلکہ بھارتی افواج کو عالمی سطح پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہیں، جو اپنے وطن اور عوام کے دفاع کا فریضہ بخوبی انجام دینا جانتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے جو ملک کی بقا، سالمیت اور دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم اور ریاست کے تمام ادارے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے متحد اور تیار ہیں۔ پاکستان اپنے قومی مفادات، خودمختاری اور سرحدی تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرےگا۔








