ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی کے گھر آمد،اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا

اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر اظہارِ افسوس کے لیے ان کی رہائش گاہ گئے جہاں انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا، انہوں نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی اور اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔بدھ کو سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری …

اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر اظہارِ افسوس کے لیے ان کی رہائش گاہ گئے جہاں انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا، انہوں نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی اور اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔بدھ کو سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی علم، وقار اور متانت کا مینار تھ،انہوں نے اپنی زندگی میں سیاست، صحافت اور دانشوری کے شعبوں میں جو خدمات انجام دیں وہ پارلیمانی و قومی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔

سیدال خان نے کہا کہ عرفان صدیقی نے سوچ، قلم اور سیاست میں ایسی نمایاں وراثت چھوڑی جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے،ان کا پارلیمان میں کردار مثالی اور رہنمائی کا محور رہا، وہ ہمیشہ اصول پسندی، برداشت اور وقار کے ساتھ فیصلے کرتے رہے، ان کی شخصیت تحمل، بردباری اور شائستگی کا پیکر تھی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی کی ادبی، سماجی، سیاسی اور صحافتی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، وہ بلند پایہ سیاسی رہنما اور باوقار شخصیت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

سیدال خان نے کہا کہ عرفان صدیقی کے ساتھ کام کرنا میرے لیے باعثِ فخر اور سیکھنے کا موقع تھا، وہ اپنی گفتگو، رویے اور فہم و فراست سے ہمیشہ دوسروں کے لیے مثال قائم کرتے رہے۔واضح رہے کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان گزشتہ روز مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی کے جنازے میں بھی شریک ہوئے تھے۔