ایبٹ آباد۔ 31 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان نے پانچ روزہ انسداد پولیو مہم تین تا سات فروری کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں اور محکمہ صحت کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔
پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جس کے بعد ڈسٹرکٹ پولیو اریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سردار شکیل سرور،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد اقبال،اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر زرک یار خان تورو،ای پی آئی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر یاسر خان،عالمی ادارہ صحت کے نمائندے، پولیس حکام اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں انسداد پولیو مہم کی تیاریوں،ٹیموں کی تربیت،سکیورٹی کے انتظامات اور ویکسین کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ مہم کے دوران ضلع بھر کے دو لاکھ 25 ہزار 469 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں اور مہم کی کامیابی کے لیے تمام محکمے بھرپور تعاون فراہم کریں۔انسداد پولیو مہم کے لیے ضلع بھر میں 1,657 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو ویکسین پلائیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے تمام ریونیو مجسٹریٹس کو اپنے متعلقہ علاقوں میں ٹیموں کی نگرانی اور ویکسینیشن کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے میڈیا،علماء کرام اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا تاکہ والدین کو مہم کی اہمیت سے مکمل طور پر آگاہ کیا جا سکے۔