ڈپٹی کمشنر بھکر نے پٹوار خانے کا دورہ کیا اور وہاں کے انتظامی معاملات کا جائزہ لیا

118
Deputy Commissioner Muhammad Ashraf
Deputy Commissioner Muhammad Ashraf

بھکر۔ 01 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنربھکر محمد اشرف نے پٹوار خانے کا دورہ کیا اور وہاں کے انتظامی معاملات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو عبدالقدیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ریکارڈ کی درستگی عوامی سہولیات اور عملے کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ زمینوں کے ریکارڈ کو شفاف اور ڈیجیٹل نظام کے مطابق مرتب کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ پٹوار خانوں میں عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔