ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا کی زیر صدارت کمیٹی برائے ”زیادہ کپاس اگاؤ مہم 2026ء“ کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا،
ڈپٹی کمشنر بہاولپور کی زیر صدارت کمیٹی برائے ”زیادہ کپاس اگاؤ مہم 2026ء“ کا اہم اجلاس

مزید خبریں
بہاولپور۔ 04 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا کی زیر صدارت کمیٹی برائے ”زیادہ کپاس اگاؤ مہم 2026ء“ کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا،
جس میں ضلع بھر میں کپاس کی کاشت کے فروغ، مقررہ اہداف کے حصول اور کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جامع حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) محمد شفیق نے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال کپاس کی کاشت کے لیے موسمی حالات مجموعی طور پر سازگار ہیں جبکہ مارکیٹ میں کپاس کے نرخ بھی بہتر رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث کاشتکاروں کو معقول منافع حاصل ہونے کے امکانات روشن ہیں۔بریفنگ کے مطابق بہاولپور میں رواں سیزن کے دوران مجموعی طور پر 05 لاکھ 67 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ اب تک 05 لاکھ 25 ہزار ایکڑ رقبہ پر کاشت مکمل کی جا چکی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ باقی ماندہ ہدف کے حصول کے لیے فیلڈ سطح پر اقدامات مزید تیز کر دیے گئے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے ہدایت کی کہ محکمہ زراعت اور ریونیو کی فیلڈ ٹیمیں کاشتکاروں کی دہلیز پر جا کر انہیں بھرپور رہنمائی اور ایڈوائزری فراہم کریں تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے محکمہ انہار کو ہدایت کی کہ نہری نظام میں وارہ بندی کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ پانی کی منصفانہ تقسیم ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیل تک پانی کی بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی کاشتکار کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ ریونیو افسران بھی کھیتوں کی سطح پر جا کر کاشتکاروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی سے آگاہ کریں اور انہیں بہتر زرعی طریقہ کار اپنانے کی ترغیب دیں۔انہوں نے زور دیا کہ معیاری بیج، کھاد اور زرعی ادویات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے جبکہ ان کی قیمتوں اور معیار کی کڑی نگرانی بھی کی جائے تاکہ کسانوں کو کسی قسم کے استحصال سے محفوظ رکھا جا سکے۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی اور کپاس کی کاشت کے اہداف کے حصول کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔








