ڈپٹی کمشنر مری کا مختلف عوامی و ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، محرم الحرام انتظامات کا جائزہ لیا

ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے ضلع مری کے مختلف اہم مقامات کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ دورے کا مقصد سرکاری اداروں کی کارکردگی کا معائنہ اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لینا تھا

راولپنڈی۔ 16 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے ضلع مری کے مختلف اہم مقامات کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ دورے کا مقصد سرکاری اداروں کی کارکردگی کا معائنہ اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ڈپٹی کمشنر نے سب سے پہلے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور عملے کی حاضری کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور علاج معالجے کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے۔بعد ازاں آغا ظہیر عباس شیرازی نے گورنمنٹ ہائی سکول سنی بینک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی سرگرمیوں، بنیادی سہولیات اور سکول کے انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اساتذہ اور انتظامیہ پر زور دیا کہ طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور سازگار تعلیمی ماحول کی بہتری کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ نئی نسل کو بہترین تعلیمی مواقع میسر آ سکیں۔ڈپٹی کمشنر مری نے RMK روڈ پر جاری تعمیراتی اور بحالی کے کاموں کا بھی معائنہ کیا۔

اس موقع پر ایکسیئن ہائی وے عدیل صاحب نے انہیں منصوبے کی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ٹریٹ میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے روٹس کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے سکیورٹی، صفائی، ٹریفک مینجمنٹ، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور تمام ادارے باہمی تعاون سے انتظامات کو بروقت مکمل کریں تاکہ مذہبی اجتماعات پرامن، محفوظ اور منظم ماحول میں منعقد ہو سکیں۔ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے اس موقع پر اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شہریوں کو بہترین بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس سلسلے میں مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔