"مون سون سیزن کے پیش نظر حفاظتی فلڈ بندوں کو مضبوط بنانے اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔”
ڈپٹی کمشنر ملتان کا حفاظتی فلڈ بندوں کا دورہ ،ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا جائزہ لیا

مزید خبریں
ملتان۔ 25 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر بارشوں اور مون سون سیزن کے پیش نظر حفاظتی فلڈ بندوں کی مضبوطی اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے حفاظتی فلڈ بندوں کا دورہ کیا۔
اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران نے انہیں حفاظتی بندوں کی موجودہ صورتحال، حفاظتی اقدامات، دستیاب مشینری اور ہنگامی منصوبہ بندی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ محسن نثار اور اسسٹنٹ کمشنر صدر وقاص ظفر بھی انکے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے فلڈ بندوں کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ حفاظتی پشتوں کی مسلسل نگرانی، کمزور مقامات کی فوری مرمت اور تمام ضروری وسائل کی ہر وقت دستیابی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثرانداز میں نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ رہیں۔ڈاکٹر فیصل سلیم نے مزید ہدایت کی کہ فلڈ ایمرجنسی پلان پر موثر عملدرآمد، ریسکیو اداروں کے باہمی رابطے اور فیلڈ ٹیموں کی 24 گھنٹے دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال میں فوری اور بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے تحفظ اور ریلیف کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔








