ڈپٹی کمشنر مٹیاری کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات اور نیشنل ایکشن پلان بارے اجلاس

ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کہا ہے کہ محرم الحرام صبر، برداشت، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کا مہینہ ہے، ضلع میں امن و امان، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں ۔

حیدرآباد۔ 08 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کہا ہے کہ محرم الحرام صبر، برداشت، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کا مہینہ ہے، ضلع میں امن و امان، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں ۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس مٹیاری کے لطیف ہال میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے لوگ مل کر اس مقدس مہینے کو امن، احترام اور رواداری کے ساتھ گزاریں اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیز یا نفرت آمیز سرگرمی سے گریز کریں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر سکیورٹی، صفائی ، روشنی، پینے کے صاف پانی، صحت اور ہنگامی طبی سہولیات سمیت تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ بجلی، گیس، صفائی، ایمبولینس سروس، جلوسوں کے راستوں پر بجلی کی تاروں کی درستگی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ جلوسوں اور مجالس کے راستوں کا پیشگی سروے، سی سی ٹی وی نگرانی، حساس مقامات پر اضافی پولیس نفری کی تعیناتی، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ریسکیو اور محکمہ صحت کی مکمل تیاری اور مختلف اداروں کے درمیان موثر رابطہ برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر، افواہوں اور سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کی روک تھام کے لیے سخت نگرانی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضلعی سطح پر ایک ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جہاں ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی، لوکل گورنمنٹ، ڈی ایچ او، رینجرز اور پاک فوج کے نمائندے موجود ہوں گے اور 24 گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر سوشل میڈیا یا دیگر سائبر ذرائع پر کوئی اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا منفی پیغام نظر آئے تو اس پر ردعمل دینے کی بجائے فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی فرقے یا فرد کی جانب سے نفرت انگیز مواد شیئر کرنے یا امن و امان خراب کرنے کی کوشش کی صورت میں قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران مختلف علاقوں سے آنے والے علمائے کرام، امام بارگاہوں کے منتظمین اور امن کمیٹی کے اراکین نے اپنے مسائل اور تجاویز پیش کیں، جن پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ اجلاس میں حیسکو حکام کو محرم الحرام کے دنوں میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو پانی کی فراہمی جبکہ لوکل گورنمنٹ کے اداروں کو صفائی ، نکاسی آب اور جلوسوں کے راستوں کی صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے ،محکمہ صحت کو ایمرجنسی وارڈز، ایمبولینسوں، ادویات اور طبی عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، محکمہ صحت، لوکل گورنمنٹ، ریسکیو سروسز، یوٹیلٹی اداروں، امن کمیٹی کے اراکین، امام بارگاہوں کے لائسنس ہولڈرز اور مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کی صدارت میں نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے بھی اجلاس منعقد ہوا، جس میں محرم الحرام کے انتظامات اور ضلع کی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے ہنگامی منصوبے کنٹیجنسی پلان جلد جمع کرائیں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری مکمل ہو۔ نیشنل ایکشن پلان اجلاس مں ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ پی پی ایچ آئی کے تعاون سے میڈیکل کیمپ قائم کیے جائیں، ایمبولینس سروس فعال رکھی جائے، ہسپتالوں میں بستروں کی دستیابی اور ڈاکٹروں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ محکمہ سوشل ویلفیئر کو این جی اوز کے تعاون سے جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر شدید گرمی کے پیش نظر ٹھنڈے پانی کی سبیلیں قائم کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ لوکل گورنمنٹ افسران کو یو سی چیئرمینوں اور یو سی سیکرٹریز کی حاضری اور فیلڈ میں موجودگی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔اس موقع پر ایس ایس پی مٹیاری عبدالعلیم بلو نے اجلاس کو سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع مٹیاری ہمیشہ سے امن پسند ضلع رہا ہے۔ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر شہریوں کو چاہیے کہ وہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں قانون کو ہاتھ میں لینے کی بجائے فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کریں۔ انہوں نے سکاؤٹس اور رضاکاروں کو بھی ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس میں آنے والے ہر فرد کو مکمل چیکنگ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جائے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔ اجلاس میں کرنل کاشف کے علاوہ ضلع بھر کے اہم افسران، امن کمیٹی کے اراکین، امام بارگاہوں کے منتظمین اور مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مزید خبریں