صوبائی وزیر آبپاشی نے ضلع بونیر میں "ڈریجنگ کریٹیکل واٹر ویز” منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا

خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے گزشتہ روز ضلع بونیر میں سیلاب سے انسانوں اور آبادی کے تحفظ کو یقینی بنانے اور زرعی زمینوں کی بحالی کے لیے 870 ملین روپے کی لاگت سے "ڈریجنگ کریٹیکل واٹر ویز” منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔

پشاور۔ 08 جون (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے گزشتہ روز ضلع بونیر میں سیلاب سے انسانوں اور آبادی کے تحفظ کو یقینی بنانے اور زرعی زمینوں کی بحالی کے لیے 870 ملین روپے کی لاگت سے "ڈریجنگ کریٹیکل واٹر ویز” منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب میں محکمہ آبپاشی بونیر کے افسران، سب ڈویژنل انجینئرز، سب انجینئرز، علاقہ عمائدین، مقامی مشران اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو مذکورہ منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایاگیا کہ منصوبے سے ضلع بونیر میں حالیہ سیلابوں سے متاثرہ نالوں، ندی نالوں اور واٹر ویز کی ڈریجنگ اور بحالی کے لیے اس پر جلد عملی کام شروع کیا جائیگا اور اہم آبی گزرگاہوں کی صفائی، کناروں کی مضبوطی اور پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کا کام مکمل کیاجائیگا۔ منصوبے سے ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی سیلاب کے خطرات سے محفوظ ہوگی اور علاقے کے کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبے کے ہر ضلع میں ترقیاتی کاموں کو یکساں ترجیح دے رہی ہے۔ بونیر کے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، اور ہم ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔”انہوں نے کہا کہ "870 ملین روپے کا یہ منصوبہ بونیر کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس سے نہ صرف سیلاب پر قابو پانے میں مدد ملےگی بلکہ زراعت اور معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔ ہماری کوشش ہے کہ صوبے کے ہر ضلع میں پانی کے وسائل کو بہتر طریقے سے استعمال کر کے عوام کی زندگی آسان بنائی جائے۔صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی دیکھ بھال اور پائیداری کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام طویل عرصے تک اس سے مستفید ہو سکیں۔ علاقہ عمائدین نے ضلع بونیر میں مذکورہ منصوبہ شروع کرنے پر صوبائی حکومت اور صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ منصوبہ بونیر کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت مستقبل میں بھی اسی طرح ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے علاقے کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔

مزید خبریں