گوجرانوالہ۔ 09 دسمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب گڈ گورننس انیشی ایٹیوز کے تحت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے شہر کے مختلف علاقوں سول ہسپتال روڈ، گوندلانوالہ پھاٹک، چوک، خراداں والا بازار، لوہے والا بازار، میلاد مصطفی چوک، نیائیں چوک، کھیالی درواز، مبارک شاہ روڈ، جناح روڈ، شیخوپورہ روڈ، کھیالی بائپاس، چندا قلعہ سے جی ٹی روڈ اور سٹی فلائی اوور کے نیچے روڈز کا تفصیلی دورہ کیا اور صفائی امور جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے بعض علاقوں میں صفائی کی صورتحال بہتر نہ ہونے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو فوری ان علاقوں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کیلئے احکامات جاری کئے اور عملدرآمد رپورٹ بھی طلب کرلی،انہوں نے دورہ کے دوران دوکانداروں، فیکٹریوں، ریسٹورنٹس اور دیگر کاروباری مراکز کو تنبیہہ جاری کی کہ وہ کوڑا کرکٹ باہر روڈز پر پھینکنے سے اجتناب کریں، تجاوزات کو خود رضا کارانہ طور پر ختم کریں بصوت دیگر انکے خلاف نہ صرف کارروائی عمل میں لائی جائے گی بلکہ انہیں بھاری جرمانہ بھی کیا جائے گا۔
وزیر اعلٰی پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن آلودگی سے پاک محفوظ پنجاب مہم کے تحت ڈپٹی کمشنر نےمبارک شاہ روڈ پر واقع دو فرنس یونٹس کو آلودہ دھواں چھوڑنے اور تحفظ ماحولیات قوانین کی خلاف ورزی پر سیل کردیا۔ مزید قانونی کارروائی کیلئے محکمہ تحفظ ماحولیات اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی کو ہدایات بھی جاری کیں۔
بعد ازاں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اوپن ڈور پالیسی کے تحت روزانہ کی بنیاد پر تسلسل کے ساتھ کھلی کچہری کا انعقاد کیا جارہا ہے، تمام سرکاری دفاتر میں پبلک ڈیلنگ کے اوقات صبح 10 بجے سے ساڑھے 11 بجے پر بھی سختی سےعملدرآمد کرایا جارہا ہے۔ وزیراعلٰی پنجاب کے گڈ گورننس انیشی ایٹیوز کے تحت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے روزانہ کچہری کا انعقاد کیا اور سائلین کے مسائل کی سماعت اور موقع پر متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے سائلین کی فوری داد رسی کے احکامات دیئے۔