ڈیرہ غازی خان میں انٹر ڈسٹرکٹ کبڈی ٹورنامنٹ ،مظفرگڑھ کی ٹیم کامیاب

ڈیرہ غازی خان میں انٹر ڈسٹرکٹ کبڈی ٹورنامنٹ ،مظفرگڑھ کی ٹیم کامیاب

ڈیرہ غازی خان ۔ 01 مئی (اے پی پی):محکمہ سپورٹس کے زیر اہتمام کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈیرہ غازی خان میں انٹر ڈسٹرکٹ کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈویژن کے چاروں اضلاع کی ٹیموں نے شرکت کی۔ فائنل کے سنسنی خیز مقابلے میں ضلع مظفرگڑھ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کر لی۔

شاہین فٹ بال سٹیڈیم ڈیرہ غازی خان میں منعقدہ اس میچ کو دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی،جنہوں نے کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کو سراہا اور بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن سید نوید عالم تھے۔

میچ کے دوران ڈویژنل سپورٹس آفیسر فیصل امیر احمد خان، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر مظفرگڑھ محمد کلیم خان، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر لیہ امتیاز احمد بھٹہ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ڈیرہ غازی خان رابعہ بتول اور ڈویژنل کوچ جاوید الیاس لودھی سمیت تمام تحصیل سپورٹس افسران بھی موجود تھے۔ایڈیشنل کمشنر سید نوید عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیلوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس ضمن میں محکمہ سپورٹس کا کردار نہایت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے نوجوان نسل کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ضروری ہے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ صحت مند طرزِ زندگی اپنائیں اور کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ معاشرے میں مثبت رجحانات کو فروغ دیا جا سکے۔

مزید خبریں