ڈیرہ غازی خان میں ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، ایک پلانٹ، تین ورکشاپس اور 20 دکانیں سربمہر

ضلعی انتظامیہ ڈیرہ غازی خان نے غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ میں ملوث 20 دکانوں، تین ورکشاپس اور ایک پلانٹ کو سربمہر کر دیا۔ ہفتہ کو ترجمان ضلعی انتظامیہ ڈیرہ غازیخان کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ، زائد نرخ وصولی اور حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزیوں کے …

ڈیرہ غازی خان ۔ 04 جولائی (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ ڈیرہ غازی خان نے غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ میں ملوث 20 دکانوں، تین ورکشاپس اور ایک پلانٹ کو سربمہر کر دیا۔ ہفتہ کو ترجمان ضلعی انتظامیہ ڈیرہ غازیخان کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ، زائد نرخ وصولی اور حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا۔اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر و سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نذر حسین کورائی نے متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی کی دکانوں، ورکشاپس اور پلانٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔کریک ڈاؤن کے دوران غیر قانونی طور پر ایل پی جی ری فلنگ میں ملوث 20 دکانوں کو سربمہر کر دیا گیا جبکہ گاڑیوں کے سلنڈرز میں غیر قانونی ری فلنگ کرنے پر مزید 3 ورکشاپس بھی سیل کر دی گئیں۔اس کے علاوہ ایک ایل پی جی پلانٹ میں زائد المعیاد حفاظتی آلات، ناقص اور زائد المیعاد آگ بجھانے والے آلات کی موجودگی اور سرکاری مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر پلانٹ کو بھی سربمہر کر دیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی فراہمی اور حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ایسے کریک ڈاؤن آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رہیں گے۔ خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔