ڈیرہ غازی خان ۔22فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال اور راجن پور میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ترقیاتی منصوبوں کا وسیع نیٹ ورک پھیلا کر جنوبی پنجاب جیسے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ ملک کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی اور خوشحالی کے لئے پرعزم ہے، ہم پاکستان کی تقدیر بدلیں گے، پاکستان ترقی کرے گا، زراعت، صنعت اور برآمدی صنعت کی ترقی کے لئے دن رات محنت کریں گے ۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ کو ڈیرہ غازی خان کے دورہ اور عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم کے جلسہ گاہ پہنچنے پر جنوبی پنجاب کے عوام نے بھرپور استقبال کیا ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے والہانہ استقبال پر ڈیرہ غازی خان اور وسیب کےعوام کے ساتھ اظہار تشکر کیا اور اپنے خیر مقدمی کلمات میں کہا کہ جنوبی پنجاب بالخصوص ڈیرہ غازی خان کے عوام نے جو محبت دی ہے اس کا احسان ساری زندگی ادا نہیں کرسکتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ میرے قائد محمد نواز شریف کا ویژن ملک کی ترقی ہے، نواز شریف نے اپنے دورہ حکومت میں اور بطور خادم اعلیٰ پنجاب میں نے جنوبی پنجاب کےلئے ہمیشہ دوسرے علاقوں کی نسبت ترقیاتی سکیموں کا کوٹہ زیادہ رکھا جو کوئی احسان نہیں بلکہ آپ کا حق تھا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف اب پورے پنجاب اور جنوبی پنجاب کے اس خطے میں ہسپتالوں کا جال بچھا رہی ہیں اور مفت ادویات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، لیپ ٹاپ، کسان کارڈ کی فراہمی جا رہی ہے، دل اور جگر کے ٹرانسپلانٹ سینٹرز قائم کئے جا رہے ہیں، سرگودھا میں بھی ایک بڑا امراض قلب کا ہسپتال قائم کیا جارہا ہے اور لاہور میں نواز شریف کینسر ہسپتال بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ یہاں بھی ہسپتال بننا چاہئے جس پر میں اعلان کرتا ہوں کہ ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال قائم کیا جائے گا ۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے سیاست پر ملک کو ترجیح دی ، دن رات کی محنت سے مہنگائی کی شرح 40 فیصد سے کم ہو کر 2.4 فیصد پر آئی ہے، کاروباری افراد ، کسانوں، سرمایہ کاروں کےلئے بینک کے قرضہ کی شرح سود 22 فیصد سے کم کر کے 12 فیصد تک کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترقی پاکستان کا مقدر بن چکی ہے،ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے، ہم نے عوام کی خدمت کے لئے دن رات کام کیا جس کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں ، وزیراعظم نے کہا کہ محمد نواز شریف کا وژن صرف پاکستان کی ترقی ہے، جنوبی پنجاب کے عوام کو پیچھے نہیں چھوڑیں گے، ماضی میں بھی پنجاب کی ترقی محمد نواز شریف کے دور میں ہوئی اب مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کی خدمت کر رہی ہیں، جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبے آپ کا حق ہیں، صحت، تعلیم اور انڈسٹری کی ترقی کے لئے خادم اعلیٰ کی حیثیت سے کام کیا، اب مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کو روزگار فراہم کرنے کے لئے منصوبوں کے جال بچھا رہی ہیں،مریم نواز پنجاب کے گھر گھر میں ادویات پہنچا رہی ہیں وہ ہر دہلیز پر سہولیات پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو مہنگائی عروج پر تھی اس وقت فیصلہ کرنا تھا کہ سیاست بچائیں یا ملک بچائیں تو نواز شریف نے سیاست قربان کر کے ملک کو بچانے کا فیصلہ کیا، آج ہم اس مقام پر پہنچ گئے ہیں کہ اب ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ میرے لئے تمام صوبے برابر ہیں، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کے ساتھ مل کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قرضوں کے ساتھ ترقی نہیں کرے گا، دعا کریں کہ پاکستان کے قرضے ختم ہو جائیں، کسان بہترین فصل کاشت کریں ، صنعت کی چمنیوں سے دھواں نکلے او رپاکستان کا کاروبار چمکے۔ انہوں نے کہا کہ وسیب کے بھائیوں اور بزرگوں ہم مل کر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے، مجھے امید ہے کہ یہ تقدیر بدلے گی اور ملک ترقی کرے گا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان والوں کے مسلم لیگ (ن)پر احسان ہیں، ساری عمر بھی آپ کی خدمت کروں تو آپ کا احسان نہیں اتار سکتا۔ انہوں نے کہا کہ راجن پور میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپنے تمام غیر ملکی دوروں میں پاکستان کی ترقی کو اولین ترجیح دی ہے، ایک سال میں ملکی معیشت مستحکم ہو چکی ہے، ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ زراعت، صنعت اور برآمدی صنعت کی ترقی کے لئے دن رات محنت کریں گے،بجلی کے بلوں میں مزید کمی کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سردار اویس لغاری اور وسیب کے نمائندگان دن رات محنت کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب تک ملک سے دہشت گردی، احتجاج اور دھاوے بولنے کی سیاست کا خاتمہ نہیں ہوتا، ملک ترقی نہیں کر سکتا، پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو فراموش نہیں کریں گے،خارجی طاقتیں پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو تباہ و برباد کرنے کے لئے دن رات سازشیں کی جاتی رہی ہیں،ہڑتالوں اور دھرنوں سے ملک کو نقصان پہنچایا گیا ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جب تک جان میں جان ہے، ہم پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے۔ وزیراعظم نے لیہ پل کو مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ہم نے باتوں پر نہیں ہمیشہ کام پر توجہ دی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اب ڈیرہ غازی خان کی ترقی دیکھنے آئو ں گا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ ، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری اور ڈیرہ غازی خان کے دیگر عوامی نمائندگان ، عمائدین بھی موجود تھے۔قبل ازیں ڈیرہ غازی خان سے رکن قومی اسمبلی وفاقی وزیر سردار اویس خان لغاری نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو ڈیرہ غازی خان آمد پر خوش آمدیدکہا۔ انہوں نے کہا کہ آج جلسہ گاہ میں موجود عوام وزیراعظم شہباز شریف کی ترقی کے وژن کو سلام پیش کرنے آئے ہیں، عوام وزیراعظم شہباز شریف کی ترقی پسند سوچ کو پسند کرتے ہیں۔ اویس لغاری نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان کو 131 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیا ہے جس پر ان کے شکر گزار ہیں، مسلم لیگ (ن) نے اپنی سیاست قربان کر کے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب دن رات ترقی کر رہا ہے،شہباز شریف نے ایبسلوٹلی ناٹ کی سیاست کو مسترد کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، اس خطے کے عوام کو آپ سے بہت امیدیں ہیں۔ اویس لغاری نے کہا کہ سردار فاروق لغاری ایئر پورٹ ڈیرہ غازی خان کی ترقی کے ليے سنگ میل ثابت ہوگا۔ قبل ازیں جلسہ گاہ پہنچنے پر وزیراعظم کا شاندار استقبال کیا گیا۔
ڈیرہ غازی خان کی سیاسی قیادت نے وزیراعظم کو والہانہ انداز میں خوش آمدید کہا جبکہ پنڈال میں موجود جلسہ کے شرکاء نے خیرمقدمی نعرے لگائے۔ اس موقع پر سردار جمال خان لغاری نے بھی خطاب کیا اور علاقے کے عوام سے محبت اور ترقیاتی اقدامات پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ۔قبل ازیں وزیراعظم نے فاروق احمد خان لغاری انٹرنیشنل ایئرپورٹ ڈیرہ غازی خان کے اپ گریڈیشن منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی کی اور راجن پور-ڈی جی خان-ڈی آئی خان کی 331 کلومیٹر طویل انڈس ہائی وے (N-55۔تیسرے حصہ) کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔
وزیراعظم کو متعلقہ حکام نے ان منصوبوں کی نمایاں خصوصیات کے بارے میں بریفنگ دی۔انڈس ہائی وے منصوبے کی تکمیل سےڈی آئی خان کے راستے سےخیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کے ساتھ پنجاب کے جنوبی علاقوں کے درمیان مواصلاتی رابطے میں اضافہ ہوگا اور معاشی، تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564787