ڈیری اورگوشت کی پیداوار میں ویلیوایڈیشن کو فروغ دے کر کثیرزرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے، وائس چانسلرجامعہ زرعیہ فیصل آباد

144
Dr. Iqrar Ahmed Khan

فیصل آباد۔ 03 جون (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہا ہے کہ ڈیری اورگوشت کی پیداوار میں ویلیوایڈیشن کو فروغ دے کر نہ صرف مقامی ضروریات احسن انداز سے پوری کی جا سکتی ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ کثیرزرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کے دوران کہا کہ یونیورسٹی کسانوں،مویشی پال حضرات، زرعی ماہرین اورماہرین لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے مابین تعلقات کو استوار کرنے کے لئے کسان میلوں اور میلہ مویشیاں جیسے ایونٹس کا باقاعدگی سے انعقاد کرتی ہے تاکہ غذائی استحکام کے حصول کے لئے جدید رحجانات کو فروغ دیا جا سکے اور گزشتہ روزفیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور بین الاقوامی گوٹ اینڈ بل ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ بکرے، بچھڑے، اونٹ، بکریوں کے مقابلہ حسن، مقابلہ وزن اور دودھ کی پیداوار کے مقابلوں کا انعقاد بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی انڈسٹری اور کاشتکار برادری کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کئے ہوئے ہے تاکہ غذائی تحفظ کے حصول کے لئے مشترکہ کوششیں عمل میں لائی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی مقامی نسلوں میں بہترین پریکٹسز کو پروان چڑھانا ہوگا کیونکہ ہماری بریڈ ماحول کے مطابق بہتر کارکردگی کی بھرپور صلاحیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں فی جانور دودھ اور گوشت کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے لائیوسٹاک سیکٹر کوبھی سائنسی بنیادوں پر استوار کرنا ہو گا۔

وائس چانسلر نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور سمٹتے ہوئے زرعی رقبے کے تناظر میں ہمیں اپنی زرعی و لائیوسٹاک کی پیداواریت کو افقی بلندیوں سے ہمکنار کرنا ہو گالہٰذا اس مقصد کے لئے زرعی و لائیوسٹاک اور ویٹرنری سائنسدانوں کے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ زرعیہ خوراک سے وابستہ جملہ مسائل کے حل کے لئے ہمیشہ کلیدی کردار کی حامل رہی ہے تاہم اس کردار کو مزید وسعت دینے کے لئے ہمیں تمام دیگر شعبوں کے ساتھ مربوط کاششوں کو بروئے کار لانے پر توجہ دینا ہو گی۔