ڈینگی کے خلاف کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، تمام محکمے فیلڈ میں متحرک رہیں، ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی اینڈ ریسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔

راولپنڈی۔ 30 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی اینڈ ریسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شہریار شیرازی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر عبدالرحمن خان، محکمہ صحت کے اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال، سرویلنس، لاروا تلفی، ان ڈور و آؤٹ ڈور سرگرمیوں، صفائی ستھرائی، ہاٹ اسپاٹس کی مانیٹرنگ اور مختلف محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے تمام فیلڈ سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ قبرستانوں، کباڑ خانوں، ٹائر شاپس، تعمیراتی مقامات، پارکس، نرسریوں اور دیگر ہائی رسک مقامات کی باقاعدگی سے انسپکشن کو یقینی بنایا جائے اور جہاں بھی لاروا کی موجودگی سامنے آئے وہاں فوری طور پر مؤثر اقدامات کیے جائیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مون سون سیزن کے دوران ڈینگی کے پھیلاؤ کے خدشات میں اضافہ ہو جاتا ہے، اس لیے تمام ادارے الرٹ رہیں اور محکمانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ سرگرمیوں کی مانیٹرنگ، ڈیٹا کی بروقت رپورٹنگ اور اداروں کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ڈینگی کے ممکنہ خطرات پر بروقت قابو پایا جا سکے۔ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ ڈینگی کے خلاف کامیابی صرف سرکاری اقدامات سے ممکن نہیں بلکہ عوامی تعاون بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے گھروں، دفاتر، چھتوں، صحنوں اور اردگرد کے ماحول میں پانی جمع نہ ہونے دیں، صفائی کا خاص خیال رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لا رہی ہے اور ڈینگی کے خلاف جاری مہم کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے گا۔

مزید خبریں