ڈی آئی جی پولیس ہزارہ کا ہری پور کا دورہ، محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا جائزہ لیا

ڈی آئی جی پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی نے ہری پور کا دورہ کیا۔دورہ کے دوران انہوں نے آٹھویں اور نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ایبٹ آباد۔ 12 جون (اے پی پی):ڈی آئی جی پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی نے ہری پور کا دورہ کیا۔دورہ کے دوران انہوں نے آٹھویں اور نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے مرکزی امام بارگاہ محلہ موتیاں کا بھی دورہ کیا۔ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات، جلوس کے روٹس، پولیس نفری کی تعیناتی اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈی آئی جی ہزارہ نے اہلِ تشیع کے منتظمین، اکابرین اور متولی مرکزی امام بارگاہ سے ملاقات بھی کی۔ ملاقات میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال، سکیورٹی اقدامات اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کے علاوہ ڈی ایس پی ٹریفک وحید خان ، ڈی ایس پی سٹی سعید یدون،ڈی ایس پی ہیڈکواٹر/صدر محمد تنویر ، ایس ایچ او تھانہ سٹی اعجاز علی ، انچارج سپیشل برانچ شفقت محمود ، انچارج ڈسٹرکٹ سکیورٹی برانچ محمد آصف ، انچارج بم ڈسپوزبل یونٹ محمد رفیع اور دیگر پولیس افسران بھی اس موقع پر یہاں موجود تھے ۔ڈی آئی جی ہزارہ نے محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ جلوس میں شرکت کیلئے آنے والے لوگوں کی جامہ تلاشی لی جائےاور ان کی شناخت کے لیے لوکلز ، رضاکاروں کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے ۔جلوس کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ، واک تھرو گیٹ، سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنایاجائے ، مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے، امام بارگاہ اور جلوس کے روٹس کے اطراف کی اونچی عمارتوں پر بھی پولیس کی نفری تعینات کی جائے ، جلوس سے قبل راستوں کو بم ڈسپوزبل یونٹ سے کلیئر کروایاجائے۔ڈی آئی جی ہزارہ نے ڈسٹرکٹ سہولت ڈیسک کےقیام کے بھی احکامات جاری کیے ۔ڈسٹرکٹ سہولت ڈیسک پر پولیس، ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، ٹی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و اہلکار ہمہ وقت موجود رہیں گے، جو عوامی رہنمائی، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، طبی امداد، ٹریفک اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ہری پور میں سوشل میڈیا مانیٹرنگ کے حوالے سے آئی ٹی کی ٹیموں پر مشتمل سوشل میڈیا سرویلنس ڈیسک کے قیام کے بھی احکامات جاری کیے ۔ محرم الحرام میں امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کیلئے تمام ترسکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ شرپسند عناصر کو اس پرامن فضاء کو خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے اور ایسے عناصر کیخلاف بھرپور قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام،مذہبی اکابرین اور شہریوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ تشیع کے منتظمین، اکابرین ، علماء اکرام ، امن کمیٹی ممبران مل کر امن و امان کے قیام اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔

مزید خبریں