ڈی جی سپورٹس پنجاب کی زیر صدارت سپورٹس بورڈ پنجاب کرکٹ ٹیم کا اجلاس

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیر صدارت سپورٹس بورڈ پنجاب کرکٹ ٹیم کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین سمیت ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے شرکت کی

لاہور۔22جون (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیر صدارت سپورٹس بورڈ پنجاب کرکٹ ٹیم کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین سمیت ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے شرکت کی۔پیر کو منعقدہ اجلاس کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے پریذیڈنٹ کرکٹ کپ میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں مزید بہتری لانے اور مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے کے حوالے سے مختلف امور پر غور کیا گیا۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب نے کہا کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مزید نکھارنے کے لیے جلد تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں انہیں جدید تقاضوں کے مطابق کوچنگ اور تربیت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جو کھلاڑی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے انہیں مستقبل میں ہونے والے بڑے قومی اور بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کا موقع دیا جائے گاانہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب صوبے میں تمام کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یوتھ گیمز2026 کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں، جن کے ذریعے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یوتھ گیمز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوں گی اور ان مقابلوں سے مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے۔