ڈی جی سپورٹس کاوزیراعلی پنجاب چیمپئن لیگ ویمن کرکٹ میں حصہ لینے والی 4ٹیموں کا اعلان

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے وزیراعلی پنجاب چیمپئن لیگ ویمن کرکٹ کے لیے حصہ لینے والی 4 ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے

لاہور۔22جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے وزیراعلی پنجاب چیمپئن لیگ ویمن کرکٹ کے لیے حصہ لینے والی 4 ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے۔لیگ میں چولستان چیمپئن، پوٹھوہار پرائیڈ، چناب چیلنجرز اور انڈس انونسبلز ایکشن میں نظر آئیں گی۔ٹیموں کے اعلان کا فیصلہ وزیراعلی پنجاب چیمپئن لیگ کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا،جس میں قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ندا ڈار نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سپورٹس شبیر سرور، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی ڈائریکٹر سپورٹس سمیرا ستار، کینئرڈ کالج کی نازش، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد، یونیورسٹی آف لاہور کے جاوید، عرفان اللہ سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران سابق کپتان ندا ڈار نے خواتین کرکٹ کی تیاریوں اور لیگ کے انتظامات سے متعلق شرکا کو تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب چیمپئن لیگ کے مقابلے 3 سے 9 اگست تک نواب ٹائون کرکٹ سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس لیگ کے انعقاد سے خواتین کرکٹ کو فروغ ملے گا اور نئی باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع حاصل ہوگا۔محمد طارق قریشی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب چیمپئن لیگ کے آئندہ ایڈیشن میں خواتین ٹیموں کی تعداد بڑھا کر 6 سے 8 کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جا سکے۔