گورنرخیبرپختونخوا سے تاجکستان کے سفیر کی ملاقات، کاسا 1000 توانائی منصوبے کی تکمیل سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال

گورنرخیبرپختونخوا سے تاجکستان کے سفیر کی ملاقات، کاسا 1000 توانائی منصوبے کی تکمیل سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ نے ملاقات کی،جس میں کاسا 1000 توانائی منصوبے اور اس کی تکمیل سے متعلق پیش رفت اور واخان کوریڈور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔بدھ کو گورنر آفس اسلام آباد سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ پر بھی گفتگو کی گئی۔اس موقع پرگورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کےدرمیان تجارت کا فروغ ضروری ہے، دونوں ممالک سیاحت کے فروغ سے تعلقات کو مضبوط اور معیشت کو ترقی دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاجکستان کے راستہ وسط ایشیا تک رسائی کے ثمرات سے خطہ مستفید ہوگا۔

گورنر نے کہا کہ کاسا 1000 بجلی منصوبے کی تکمیل سے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ گورنر نے کہا کہ پشاور اور دوشنبے کےدرمیان براہِ راست پروازوں کا آغاز ضروری ہے اس سے دونوں ممالک کے تاجروں کے باہمی روابط مزید مستحکم ہوں گے،مسافر اور کارگو پروازوں کا آغاز پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔ اس موقع پر تاجک سفیر نے گورنر خیبرپختونخوا کو کاسا 1000 بجلی منصوبے پر جاری پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تاجکستان کاسا 1000 منصوبے کے تحت اپنی حدود میں تاجکستان بارڈر تک ٹرانسمیشن لائن مکمل کر چکا ہے۔

تاجک سفیر نے کہا کہ کاسا 1000 منصوبے کی ٹرانسمیشن لائن کا صرف 13 کلومیٹر حصہ باقی ہے، وفاقی وزارت توانائی اور گورنر خیبرپختونخوا مسئلے کے حل میں کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسمیشن لائن سے متعلق مسئلہ حل ہونے کے بعد کاسا 1000 کی بجلی نوشہرہ گرڈ تک پہنچائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ واخان کوریڈور کے ذریعےتاجکستان کو چترال کے راستے پاکستان سے ملانے کا منصوبہ خطے میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا،واخان بارڈر کے ذریعے تجارتی راہداری کا قیام پاکستان کو وسطی ایشیائی ممالک سے منسلک کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔تاجک سفیر نے گورنر خیبرپختونخوا کو ستمبر میں دوشنبے میں ہونے والی تقریبات میں شرکت کی دعوت بھی دی۔