ڈی جی والڈ سٹی کا لاہور کے تاریخی مقامات پر جاری تحفظ و بحالی کے منصوبوں کا معائنہ

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نجم الثاقب نے لاہور میں جاری مختلف تحفظ و بحالی کے منصوبوں کا دورہ کیا تاکہ جاری کام کے معیار، پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ضروری ہدایات جاری کی جا سکیں

لاہور۔17جولائی (اے پی پی):والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نجم الثاقب نے لاہور میں جاری مختلف تحفظ و بحالی کے منصوبوں کا دورہ کیا تاکہ جاری کام کے معیار، پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ضروری ہدایات جاری کی جا سکیں۔دورے کا آغاز شالامار باغ سے ہوا،جہاں ڈائریکٹر جنرل نے تحفظ اور دیکھ بھال کے جاری کاموں کا معائنہ کیا اور اس تاریخی ورثے کی اصل حیثیت اور تاریخی تشخص کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل نے سپائس مارکیٹ بحالی منصوبے کا دورہ کیا،جہاں انہوں نے روایتی بجلی کی ترسیلی لائنوں کی جگہ ایریل بنڈلڈکیبل سسٹم کی تنصیب کے بعد پرانے بجلی کے کھمبوں کو ہٹانے کے عمل کا جائزہ لیا۔انہوں نے اکبری منڈی کے سامنے کھلے نالوں کو ڈھانپنے کے جاری کام کا بھی معائنہ کیاجبکہ گڑ منڈی روڈ پر تجاوزات کے خاتمے اور عمارتوں کی پش بیک کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار برقرار رکھتے ہوئے منظور شدہ تحفظی اصولوں اور معیار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

ڈائریکٹر جنرل نے ذکی گیٹ پر جاری بحالی کے کاموں کا بھی معائنہ کیا،جس کے بعد انہوں نے دفتر میں منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔بعد ازاں انہوں نے چونا منڈی گرلز کالج کا دورہ کیا، جہاں جاری بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو معیار برقرار رکھتے ہوئے کام کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔دورے کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل نے انارکلی مقبرہ کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے جاری تحفظی کاموں کا جائزہ لیا، تکنیکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور اس تاریخی یادگار کی اصل تاریخی اہمیت کو محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نجم الثاقب نے کہا کہ حکومتِ پنجاب صوبے کے عظیم تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ اور بحالی کیلئے سائنسی اصولوں پر مبنی اقدامات پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ باقاعدہ فیلڈ وزٹس سے منصوبوں میں شفافیت، اعلی معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی لاہور کے تاریخی مقامات کے تحفظ، بحالی اور پائیدار انتظام کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دے رہی ہے تاکہ آئندہ نسلوں کے لیے اس قیمتی ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھا جا سکے اور ثقافتی سیاحت کو مزید فروغ دیا جا سکے۔