ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان اپر طاہر اقبال نے سرکل شتیال کا دورہ کیا اور علاقے میں امن و امان اور سکیورٹی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔
ڈی پی او کوہستان اپر کا سرکل شتیال کا دورہ، سیکورٹی صورتحال کا جائزہ

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان اپر طاہر اقبال نے سرکل شتیال کا دورہ کیا اور علاقے میں امن و امان اور سکیورٹی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔
ترجمان اپر کوہستان پولیس کے مطابق دورے کے دوران انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو سکیورٹی مزید سخت اور فول پروف بنانے کے واضح احکامات جاری کئے۔ ڈی پی او کوہستان اپر نے گزشتہ دنوں دیامر بھاشا ڈیم پر تعینات ایس ایس یو اہلکاروں اور جی بی سکاؤٹس پر دہشتگردوں کی جانب سے ہونے والی فائرنگ والے مقام کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے واقعے کی تفصیلات کا جائزہ لیتے ہوئے موقع پر موجود پولیس افسران اور اہلکاروں کو الرٹ رہنے اور ڈیوٹی کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت نہ برتنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں ڈی پی او طاہر اقبال نے ڈسٹرکٹ ریزولوشن کمیٹی کے ممبران اور علاقے کے معززین کے ساتھ ایک خصوصی میٹنگ کا انعقاد کیا، جس کے دوران علاقے میں پائیدار امن کے قیام، عوام اور پولیس کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور امن دشمن عناصر کا مل کر مقابلہ کرنے کی استوار حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈی پی او طاہر اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور اہم تنصیبات کی سیکورٹی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر سکیورٹی ادارے ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ ڈی پی او نے کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ڈی آر سی ممبران اور معززین نے پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔








