کاروباری برادری کے مسائل کے حل و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ رانا مبشر اقبال

لاہور۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے- ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کے دورہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا- رانا مبشر نے کہا …

لاہور۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے- ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کے دورہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا- رانا مبشر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ تاجروں اور کاروباری طبقے کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کی، تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ، تجارت کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا- انہوں نے کہا کہ پبلک افیئرز یونٹ نجی شعبے کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتا ہے تاکہ پالیسی سازی میں ان کے مثر کردار کو یقینی بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا،آئی ایم ایف ہم سے بات کرنے کو تیار نہیں تھا،لیکن آج اسٹاک ایکسچینج 40 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ سے اوپر جا چکی ہے، شرح سود میں واضح کمی ہوئی ہے، ہم نے معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچا کر اسے ترقی کی شاہراہ پر ڈال دیا، پاکستان آج عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہوگیا ہے، یہ سب حکومت کی مثبت پالیسیوں اور آپ لوگوں کے اعتماد اور تعاون کا نتیجہ ہے،آنے والے دنوں میں ملکی معیشت میں مزید بہتری آئے گی -وفاقی وزیرنے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت دن رات عوامی خدمت میں مصروف عمل ہے-اس موقع پر ملکی معاشی صورتِ حال، صنعتی ترقی، کاروباری سہولتوں میں بہتری اور پبلک و پرائیویٹ سیکٹر کے باہمی تعاون کے فروغ پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا-

صدر ایل سی سی آئی نے وفاقی وزیر کو کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت کے ساتھ مل کر پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے مثبت تجاویز پر عملدرآمد ضروری ہے۔وفاقی وزیر نے لاہور چیمبر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نجی شعبہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اور حکومت اسے درپیش چیلنجز کے حل میں بھرپور تعاون فراہم کرے گی-قبل ازیں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پہنچنے پر صدر لاہور چیمبر فہم الرحمن سیگل اور بزنس کمیونٹی کے نمائندگان نے وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ، رانا مبشر اقبال کا پرتپاک استقبال کیا- بعد ازاں وفاقی وزیر نے چیمبر کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور کاروباری نمائندوں سے ملاقات بھی کی-

مزید خبریں