کارڈ کے ذریعے ادائیگی سے انکار کرنے والے ریسٹورنٹس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ،ترجمان پی آر اے

پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے راولپنڈی میں ٹیکس چوری کی روک تھام، ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ اور عوام کو غیر قانونی اضافی ٹیکس کی ادائیگی سے بچانے کے لیے کارڈ کے ذریعے ادائیگی قبول نہ کرنے والے ریسٹورنٹس اور دیگر سروس فراہم کرنے والے اداروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

راولپنڈی ۔13جولائی (اے پی پی):پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے راولپنڈی میں ٹیکس چوری کی روک تھام، ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ اور عوام کو غیر قانونی اضافی ٹیکس کی ادائیگی سے بچانے کے لیے کارڈ کے ذریعے ادائیگی قبول نہ کرنے والے ریسٹورنٹس اور دیگر سروس فراہم کرنے والے اداروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے ترجمان پی آر اے نے بتایا ہے کہ صارفین کو صرف نقد ادائیگی پر مجبور کرنا اور کارڈ کے ذریعے ادائیگی سے انکار کرنا نہ صرف صارفین کے حقوق اور مفادات کے خلاف ہے بلکہ اس سے ٹیکس نظام کی شفافیت بھی متاثر ہوتی ہے جس پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں جاری ٹیکس انفورسمنٹ مہم کے دوران مختلف کاروباری مراکز، ریسٹورنٹس اور سروس سیکٹر کے اداروں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ سیلز ٹیکس کی درست وصولی اور حکومتی قوانین پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ خلاف ورزی کے مرتکب اداروں کے خلاف جرمانوں سمیت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ترجمان نے بتایا کہ کہ پنجاب حکومت کی پالیسی کے مطابق ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ، موبائل والٹ اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع سے ادائیگی پر سیلز ٹیکس کی شرح 8 فیصد جبکہ نقد ادائیگی پر 16 فیصد ہے،بعض ریسٹورنٹس کارڈ ادائیگی قبول نہ کرکے صارفین کو صرف نقد ادائیگی پر مجبور کرتے ہیں، جس سے انہیں زیادہ ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے اور قومی خزانے کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے۔

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی ریسٹورنٹ یا سروس فراہم کرنے والے ادارے میں کارڈ کے ذریعے ادائیگی قبول نہ کی جائے، اضافی ٹیکس وصول کیا جائے یا ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کی جائے تو اس کی فوری اطلاع0000772 ۔ 0343 پر دیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی ہر شکایت پر فوری کارروائی کی جائے گی اور قانون شکنی کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔پی آر اے کے مطابق راولپنڈی میں جاری کریک ڈاؤن کا مقصد صرف ٹیکس وصولیوں میں اضافہ نہیں بلکہ کاروباری سرگرمیوں میں شفافیت، ڈیجیٹل ادائیگیوں کا فروغ، ٹیکس چوری کی روک تھام اور صارفین کے حقوق کا تحفظ بھی ہے۔ اتھارٹی نے کاروباری طبقے پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیکس قوانین کی مکمل پابندی کریں، صارفین کو ہر صورت کارڈ کے ذریعے ادائیگی کی سہولت فراہم کریں اور قومی معیشت کو مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔