کاشتکاربہاریہ مکئی کی بہتر پیداوار کیلئے محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کریں ،ڈاکٹر مقصود احمد

Spring season
Spring season

سیالکوٹ۔19مارچ (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (پلانٹ پروٹیکشن) پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز ضلع سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمدنے کہا ہے کہ بہاریہ مکئی کی بہتر اور معیاری پیداوار کیلئے محکمہ کی سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ بہاریہ مکئی پر سنڈی کا حملہ مارچ کے آخر یا اپریل کے شروع میں ہوتاہے لہذا کاشتکاروں کو چاہیے کہ فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کرتے رہیں،متاثرہ پودوں کو کھیتوں سے نکال کر چارہ کے طور پر استعمال کریں، برداشت کے بعد متاثرہ فصل کی باقیات کو روٹا ویٹ کر دیں،رات کو روشنی کے پھندے لگا کر پروانے تلف کریں،فصل میں موجود جڑی بوٹیوں کا بر وقت تدارک کریں۔

محکمہ زراعت کے مقامی عملہ کے مشورہ سے لیوفینوران 50ای سی بحساب 200ملی لٹر یا ایمامیکٹن بینزوایٹ1.9ای سی بحساب 200ملی لٹریا فپرونل 5فیصدایس ایل بحساب 500ملی لٹر فی ایکڑ اگائو مکمل ہونے پر 8سے 10دن کے وقفہ سے سپرے کریں۔انہوں نے کہا کہ مکئی کی کونپل کی مکھی کا حملہ فصل کے اگنے سے ایک ماہ تک جاری رہتا ہے اور شدید حملہ کی صورت میں فصل کوکافی نقصان پہنچتا ہے،مکئی کی کونپل کی مکھی اپریل تک فصل پر حملہ آور ہوتی ہے اس کی مادہ چھوٹے اور نرم پودوں کے پتوں پر علیحدہ علیحدہ انڈے دیتی ہے ،مادہ مکھی پتوں کے نچلے حصوں پر علیحدہ علیحدہ تقریبا40انڈے دیتی ہے اور2 سے 3 دن میں انڈوں سے بچے نکل آتے ہیں اور رینگتے ہوئے نرم پتوں میں سوراخ کر کے درمیانی حصے تک پہنچ جا تے ہیں،6 سے10دن تک کونپل کی مکھی درمیانی شاخ میں رہتی ہے ا ور خوراک حاصل کرتی ہے جبکہ آبپاشی والے علاقوں میں اس کا حملہ زیادہ ہوتاہے۔کاشتکاروں کو چاہیے کہ نقصان دہ کیڑوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی اقسام کاشت کریں،

فصل کی برداشت کے بعد مڈھوں کو کھیت سے نکال کر زمین میں دبا دیں۔بیج کو امیڈا کلوپرڈ 70ڈبلیو ایس 7گرام دوائی فی کلو گرام بیج کو لگا کر کاشت کرنے سے فصل ابتدائی 40دن تک نقصان دہ کیڑوں کے حملہ سے محفوظ رہتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ زراعت کے مقامی عملہ کے مشورہ سے امیڈا کلوپرڈ 200ایس ایل بحساب 200ملی لٹر یا لیمیڈا سا ئی ھیلو تھرن 2.5 ای سی بحساب 250 ملی لٹر فی ایکڑ پہلی مرتبہ اگائو مکمل ہونے پر اور دوسری مرتبہ 8سے 10دن کے بعد سپرے کریں،

کاشتکاروں کو چاہیے کہ لشکری سنڈی کے انسداد کے لیے محکمہ زراعت کے مقامی عملہ کے مشورہ سے سپرے کریں اور زہر پاشی کے بعد فصل کو پانی لگائیں۔انہوں نے کہا کہ بہاریہ مکئی کی فصل پربہت سے کیڑے حملہ آورہوتے ہیں اگران کابروقت انسداد نہ کیا جائے تو کاشتکاروں کی آمدن کا کافی حصہ ان کیڑوں کی نذر ہوجاتاہے،بہاریہ مکئی کی فصل کو نقصان پہنچانے والے کیڑوں میں تنے کی سنڈی بڑی اہم ہے۔