فیصل آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی):ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری عبدالحمید نے کاشتکاروں کو مڈھوں میں موجود گڑوؤں کی سوئی ہوئی سنڈیوں کی تلفی کے لیے کماد کی فصل کو ایک انچ تک گہرا کا ٹنے کی ہدایت کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کماد کی فصل کی کٹائی کرتے وقت گنے کو زمین کی سطح سے آدھا تا ایک انچ گہرا کاٹیں کیونکہ اس سے زیر زمین پڑی آنکھیں زیادہ صحت مند ماحول میں پھوٹ سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کماد کی کٹائی گنے کی اقسام اور فصل کے پکنے کے عمل کو مد نظر رکھ کر کر کریں ۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکار پہلے ستمبر کاشت، مونڈھی فصل اور اگیتی پکنے والی اقسام برداشت کریں اس کے بعد درمیانی اور دیر سے پکنے والی اقسام برداشت کریں۔انہوں نے کہا کہ چوہے کے حملے اور گرنے کی صورت میں متاثرہ فصل کو پہلے کاٹیں اور گنے کی کٹائی سے25 سے 30دن قبل آبپاشی کا سلسلہ بھی بند کر دیں۔ انہوں نے بتایاکہ گنا کاٹنے کے بعد جلد از جلد قریبی شوگر ملز کو سپلائی کر نا بھی ضروری ہوتاہے تاکہ وزن اور ریکوری میں کمی نہ آ ئے۔
انہوں نے کہا کہ جن کھیتوں میں مونڈھی فصل نہ رکھنی ہو اس کھیت کو فوراً تیار کرکے گندم کی کاشت کا عمل مکمل کیاجاسکتاہے تاکہ گندم کی پیداوار میں کمی کا خدشہ نہ رہے۔