فیصل آباد۔ 31 مئی (اے پی پی):کاشتکاروں کوپیٹھاکدو کی کاشت فوری طور پر شروع کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار جلد از جلد پیٹھا کدو کی کاشت شروع کرکے اس کی کاشت کا عمل جون کے آخر تک مکمل کرلیں تاکہ بہتر پیداوار کاحصول ممکن ہو سکے۔ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے مطابق پیٹھا کدو کی پچھیتی کاشت کاعمل بروقت مکمل کرنے سے انتہائی مثبت نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹھاکدو کی کاشت کیلئے ایسی ذرخیز میرازمین کا انتخاب کیاجانا چاہیے
جس میں پانی کے نکاس کا اچھا انتظام موجود ہو۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار پیٹھے کدو کی کاشت سے قبل زمین کو اچھی طرح ہموار کرکے 8سے10ٹن فی ایکڑ گوبر کی گلی سڑی کھاد فی ایکڑ ڈال دیں اور پانی لگاتے ہوئے اسے اچھی طرح کھیت میں مکس کردیں۔ انہوں نے کہاکہ وتر آنے پر ہل اور سہاگہ چلا کرزمین کو اچھی طرح تیار کرلیاجائے اور پھر پیٹھاکدو کی کاشت کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید معلومات محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔