لاہور۔16نومبر (اے پی پی):ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق کاشتکار چنے کی کاشت جلد از جلد مکمل کر لیں اور جڑی بوٹیوں کی تلفی بذریعہ گوڈی کریں یا محکمہ زراعت پنجاب کے مشورہ سے جڑی بوٹی کش زہر کا استعمال کریں۔ترجمان کے مطابق چنے کی فصل کو پانی کی ضرورت کم ہوتی ہے
،آبپاش علاقوں میں بارش نہ ہونے کی صورت میں خصوصاً پھول آنے پر اگر فصل میں سوکھا محسوس ہو تو ہلکاپانی لگا دیں،کابلی چنے کیلئے پہلا پانی بوائی کے 60تا70 دن بعد اور دوسرا پھول آنے پر دیں،دھان کے بعد کاشتہ فصل کو آبپاشی کی ضرورت محسوس نہیں پڑتی،ستمبر کاشتہ کماد میں مخلوط کاشتہ چنے کی فصل کو کماد کی ضرورت کے مطابق آبپاشی دیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اگیتی کاشتہ،کثرت کھاد یا بارش وغیرہ کی وجہ سے اگر فصل کا قد بڑھنے لگے تو مناسب حد تک پانی کا سوکا لگائیں یا کاشت کے بعد دو ماہ بعد شاخ تراشی کریں،فصل کا معائنہ کرتے رہیں اور اگر فصل پر دیمک، ٹوکے یا چور کیڑے کا حملہ نظر آئے تو محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی عملے کے مشورہ سے مناسب زہروں کا استعمال کریں۔