کامسٹیک اور پرنس آف سونگکلا یونیورسٹی تھائی لینڈ کے درمیان اعلیٰ تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

کامسٹیک اور پرنس آف سونگکلا یونیورسٹی تھائی لینڈ کے درمیان اعلیٰ تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (او آئی سی کامسٹیک) اور پرنس آف سونگکلا یونیورسٹی تھائی لینڈ کے درمیان اعلیٰ تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے۔

ورچوئل مفاہمتی یادداشت کی تقریب میں دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام، تھائی لینڈ کے پاکستان میں سفیر اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔

اس موقع پر پرنس آف سونگکلا یونیورسٹی کے نائب صدر تدریسی و بین الاقوامی امور تھاکرنگ وونگسیریچوٹ نے کہا کہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعلیمی تعاون ناگزیر ہے اور اس نوعیت کے معاہدے تحقیق اور تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

کوآرڈینیٹر جنرل او آئی سی کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ادارہ رکن ممالک کے درمیان سائنسی و تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے اور دنیا کی نمایاں جامعات کے ساتھ اشتراک کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

تقریب میں پاکستان میں تعینات تھائی لینڈ کے سفیر رونگ ودھی ویرا بتر نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلیمی تعلقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ تحقیق، طلبہ و اساتذہ کے تبادلے اور ادارہ جاتی روابط کو مزید وسعت دے گا۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت مشترکہ تحقیقی منصوبے، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلے، تربیتی پروگرامز، جدت پر مبنی شراکت داری، حلال سائنس کے شعبے میں تعاون اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔

اس تعاون کو او آئی سی کامسٹیک کے پلیٹ فارم کے ذریعے مسلم دنیا کے دیگر تعلیمی اداروں تک بھی توسیع دی جائے گی۔ تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ معاہدے کو عملی اقدامات میں تبدیل کرتے ہوئے سائنسی ترقی، تعلیمی معیار میں بہتری اور خطے میں پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔