کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں جامع لائف سکلز پروگرام کا آغاز

کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں جامع لائف سکلز پروگرام کا آغاز

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد نے اپنے اسلام آباد کیمپس میں جامع لائف سکلز پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد عملے اور طلبہ کو جدید پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنا اور انہیں بدلتے ہوئے ڈیجیٹل و معاشی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔ افتتاحی تقریب میں ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں یونیورسٹی کے سینئر انتظامی افسران اور ابتدائی تربیتی سیشنز کے شرکاء بھی موجود تھے۔ ریکٹر ڈاکٹر راحیل قمر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی ایک نئے ڈیجیٹل فیز میں داخل ہو رہی ہے، جہاں انتظامی اور تدریسی خدمات تیزی سے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر منتقل کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تبدیلی کے تناظر میں جدید ہنر اور مارکیٹ سے ہم آہنگ مہارتوں کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹی اپنے دستیاب انسانی وسائل کو اس نوعیت کے تربیتی مواقع تک ترجیحی بنیادوں پر رسائی فراہم کر رہی ہے تاکہ عملہ ادارے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔ ان کے مطابق یہ پروگرام نہ صرف ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنائے گا بلکہ ملازمین اور طلبہ کے لیے آمدن کے متبادل ذرائع اور طویل المدتی پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع بھی پیدا کرے گا۔

یہ پروگرام، جس کا اعلان اپریل کے اوائل میں کیا گیا تھا، کو بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے، اور اب تک 500 سے زائد ملازمین مختلف کورسز میں رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ پروگرام کے تحت متعدد کورسز پیش کیے جا رہے ہیں جن میں دفتری کارکردگی میں بہتری کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال، ڈیجیٹل انفلوئنسر مارکیٹنگ، سائبر سیکیورٹی، ڈیلی ویئر ڈرائیونگ اسکلز، انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانا اور چینی زبان شامل ہیں۔

اس کے علاوہ لکڑی کا کام، پینٹنگ، ایچ وی اے سی اور ایئر کنڈیشننگ کی مرمت اور سولر سسٹم کی تنصیب جیسے عملی تربیتی شعبے بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔ تمام کورسز مفت فراہم کیے جا رہے ہیں، جو یونیورسٹی کے مساوی اور جامع پیشہ ورانہ ترقی کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ لائف سکلز پروگرام کامسیٹس یونیورسٹی کے عملے کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ان کی معاشی مضبوطی کے لیے ایک اہم اور دوراندیش اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔